پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے عمرہ کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان سے مدینہ منورہ جانے والے عمرہ زائرین رعایتی کرایوں سے مستفید ہوسکیں گے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے بتایا کہ کراچی سے مدینہ منورہ عمرہ کا دوطرفہ کرایہ 76 ہزار روپے علاوہ ٹیکس ہوگا، جبکہ اسلام آباد، لاہور، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ سے مدینہ کا دو طرفہ کرایہ 86 ہزار علاوہ ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق رعایتی کرایوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور آفر 15 جولائی تک موثر رہے گا۔
واضح رہے کہ حکومت نے بجٹ 25-2024 میں بیرون ملک سفر کے لیے ٹکٹوں پر ٹیکس میں اضافے کی منظوری دی ہے۔ جس کے مطابق اب یکم جولائی سے بیرون ملک سفر کرنے پر اکانومی اور اکانومی پلس کے ٹکٹ پر 12 ہزار 500 روپے ٹیکس دینا ہوگا۔
فنانس بل کے مطابق بجٹ میں دبئی، سعودی عرب سمیت مڈل ایسٹ اور افریقی ممالک کے بزنس اور کلب کلاس ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی میں 30 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔