زمبابوے کی ٹیم کا حصہ بننے والے انتم نقوی کا پاکستان سے کیا تعلق ہے؟

منگل 2 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی نژاد کرکٹر انتم نقوی بھارت کے خلاف ہرارے میں 5 میچوں کی ٹی20 سیریز کے لیے پہلی بار زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق 25 سالہ بلے باز کی زمبابوے کرکٹ اسکواڈ میں شمولیت ان کی شہریت کی تصدیق سے مشروط ہے۔

ٹاپ آرڈر بلے بازانتم نقوی رواں سال کےآغاز میں اس وقت منظرعام پر آئے جب انہوں نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے ٹرپل سینچری اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

انتم نقوی کا اعزاز یہ ہے کہ انہوں نے لوگن کپ میں مڈ ویسٹ رائنوز کی جانب سے ناقابل شکست 300 رنز بنائے اور زمبابوے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے دوسرے سال میں ہی ٹیم کی قیادت بھی سنبھال لی۔انتم نقوی نے 7 ٹی20 میچوں میں 146.80 کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کیے ہیں۔

انتم نقوی کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے جو بیلجیئم کے شہر برسلز میں رہائش پذیر تھے، انتم نقوی کی پیدائش بھی برسلز میں ہوئی تاہم بعد میں وہ 4 سال کی عمرمیں آسٹریلیا منتقل ہوگئے، جہاں انہوں نے کمرشل ایئرلائن پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا لیکن جلد ہی کرکٹ میں گہری دلچسپی کے باعث اپنے ایوی ایشن کیریئر کو خیر آباد کہہ دیا۔

انتم نقوی زمبابوے کرکٹ اسکواڈ میں شامل ہونے والے دوسرے پاکستانی نژاد کھلاڑی ہیں۔ زمبابوے اسکواڈ میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی سکندررضا اس وقت بھارت کے خلاف سیریز میں زمبابوے ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ انتم نقوی آسٹریلیا میں کوئین سیریز کے لیے لاہور قلندرز کے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ زمبابوے حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکا تھا۔ زمبابوے اور بھارت کے درمیان 6 سے 14 جولائی تک 5 ٹی20 میچز کی سیریز کھیلی جائے گی جس میں انتم نقوی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

زمبابوے اسکواڈ

بھارت کے خلاف زمبابوے اسکواڈ میں سکندر رضا (کپتان)، فراز اکرم، برائن بینیٹ، جوناتھن کیمپبیل، ٹینڈائی چتارا، لیوک جونگوے، انوسنٹ کایا، کلائیو مدنڈے، ویسلی مدھیویرے، تڈیوانشی مارومانی، ویلنگٹن مساکاڈزا، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، ڈیون مائرز، انتم نقوی، رچرڈ نگاراوا اور ملٹن شومبا شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp