امریکی ویزے کا جھانسا: نوسرباز نے بچپن کے دوستوں سے بھاری رقم اینٹھ لی

بدھ 3 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کہتے ہیں انسان دھوکا اسی سے کھاتا ہے جس پر اعتبار کرتا ہو ورنہ راہ چلتے لوگوں سے تو عموماً ہر کوئی ہی چوکنا رہتا ہے۔ کچھ ایسا ہی کراچی کے 2 افراد کے ساتھ ہوا جنہوں نے روزی کے حصول کی آس میں اپنے ایک بچپن کے دوست پر بھروسا کرلیا اور اس مقصد کے لیے جمع پونجی کے علاوہ جو بھی ادھار اکٹھا کرسکے وہ بھی لٹا بیٹھے۔

سید معظم اور ان کے بھائی محمد معیز سے ان کے بچپن کے دوست شیخ محمد حذیفہ نے ایک روز رابطہ کیا اور بتایا کہ وہ کس طرح امریکا میں ایک خوشحال زندگی گزار رہا ہے اور اگر وہ دونوں چاہیں تو ان کے لیے بھی وہاں ایک اچھی نوکری اور امریکی ویزے کا اہتمام بآسانی کر سکتا ہے۔ امریکا جیسے ترقی یافتہ ملک میں ایک بہت اچھی نوکری کے حصول کا سن کر دونوں بھائی اس پر بخوشی تیار بھی ہوگئے۔

حذیفہ نے انہیں بتایا کہ وہ ایک معروف فوڈ چین کا ملازم ہے اور وہاں انہیں بھی ملازمت دلوادے گا اور جہاں تک امریکی ویزے کا تعلق ہے تو اس کی وہاں اچھی بات چیت ہے اور اگر وہ دونوں 15 لاکھ روپے کا انتظام کرلیں تو وہ ان کو ویزا دلواسکتا ہے۔

معظم اور معیز نے 15 لاکھ کا انتظام کیا اور حذیفہ کی ہدایت کے مطابق اسے آن لائن بھجوادیے۔ دریں اثنا دونوں کو حذیفہ کی فوڈ چین کے مالک کے نام سے ای میلز اور واٹس ایپ میسجز بھی موصول ہوئے جس پر دونوں بھائیوں کا اطمینان مزید بڑھ گیا تھا اور انہیں پیسے بھجوانے کے دوران کوئی ہچکچاہٹ بھی محسوس نہیں ہوئی۔ یہ اور بات ہے کہ بعد میں ’مالک‘ کے وہ پیغامات جعلی ثابت ہوئے۔ اس کے علاوہ حذیفہ نے دونوں دوستوں کے پاسپورٹ منگوائے اور پھر ان کو امریکا کے جعلی ورک ویزے بھی دلوادیے اور کہا کہ بس اب امریکی قونصل خانے میں ایک چھوٹا سا انٹرویو دینا ہوگا جس کے لیے انہیں وہاں سے جلد ہی فون کال آجائے گی اور پھر وہ ہوں گے، امریکا ہوگا اور ان کا ایک بہترین مستقبل ہوگا۔

حذیفہ کچھ عرصہ تو ان دونوں کے رابطے میں رہا لیکن پھر اچانک اس کا رابطہ نمبر بند ہوگیا اور یہ دونوں امریکی قونصل خانے کے فون کا انتظار کرتے رہ گئے لیکن نہ ہی قونصل خانے سے کوئی فون آیا اور نہ حذیفہ کی کوئی خبر ملی۔

دونوں بھائیوں نے بالآخر امریکی قونصل خانے سے رابطہ کیا اور ان سے پوچھا کہ وہ انٹرویو کے لیے کب بلائیں گے تو وہاں سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہیں یقیناً دھوکا دیا گیا ہے۔

بعد ازاں معظم اور معیز نے ایف آئی اے سے رابطہ کیا اور ساری حقیقت بتائی جس پر اس کے سائبر کرائم سیل نے حذیفہ کے خلاف دھوکا دہی اور جعلی ویزے فراہم کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی اے کے مطابق معاملے پر تفتیش اور ملزم کی تلاش کی کوششیں جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp