چیمپیئنز ٹرافی 2025: پی سی بی نے ڈرافٹ آئی سی سی کو بھجوا دیا مگر پاک بھارت میچ کا کیا ہوگا؟

بدھ 3 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے اگلے سال پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا ڈرافٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھجوا دیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے آئی سی سی کے ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ بھجوائے گئے ڈرافٹ کے مطابق، اگلے سال فروری اور مارچ میں ہونے والے چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں پاک بھارت ٹاکرا یکم مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی2025: ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکرا کہاں کھیلا جائے گا؟

بھارتی میڈیا کے مطابق، پاکستان نے آئی سی سی کو ڈرافٹ تو بھجوا دیا ہے تاہم میچز کے شیڈول کے حوالے سے انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو تاحال کوئی رضامندی ظاہر نہیں کی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، سیکیورٹی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت کے تمام میچز لاہور میں شیڈول کیے گئے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈرافٹ شیڈول کچھ روز قبل آئی سی سی کو بھیجا تھا، ڈرافٹ شیڈول کے مطابق گروپ اے میں پاکستان اور بھارت سمیت نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کو رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت میچ کے دوران ’ریلیز عمران خان ‘ کا بینر فضا میں لہرانے والا کون تھا؟

گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان کو رکھا گیا ہے، چیمپئنز ٹرافی سے متعلق تمام شریک ممبرز ممالک نے آئی سی سی کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے انڈین کرکٹ بورڈ بھارتی حکومت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اگلے سال ہونے والی 15 میچز پر مشتمل آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے 19 فروری سے 9 مارچ کی تاریخ تجویز کی گئی ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے لیے 10 مارچ ریزرو ڈے کے طور پر رکھا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp