یورو کپ کوارٹر فائنل مرحلہ 5 جولائی سے، کون کس کے مدمقابل ہوگا؟

بدھ 3 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یورو کپ 2024 کا راؤنڈ آف 16 اختتام پذیر لیکن یورپ بھر میں فٹبال کا بخار عروج پر ہے۔ گزشتہ رات اس مرحلے کے آخری میچ میں آسٹریا کو 2-1 سے شکست دیکر ترکیہ نے بھی کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

جرمنی میں کھیلے جارہے یورو کپ 2024ء کا کوارٹر فائنل مرحلہ 5 جولائی سے شروع ہوگا جس میں راؤنڈ آف 16 میں کامیاب قرار پائی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2030 میں نیا کیا ہوگا؟

یورو کپ میں کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کل 8 ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے جن میں اسپین، جرمنی، پرتگال، فرانس، انگلینڈ، سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈز اور ترکیہ شامل ہیں۔

کوارٹر فائنل مرحلے میں 8 ٹیموں کے درمیان 4 میچ کھیلے جائیں گے اور جیتنے والی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ تاہم کوارٹر فائنل میں یورپ کی 4 بڑی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوسکتی ہیں۔

ہائی وولٹیج مقابلے

شیڈول کے مطابق، 5 جولائی کو اسپین اور جرمنی کے درمیان پہلا کوارٹر فائنل کھیلا جائے گا۔ یہ دونوں ٹیمیں اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست رہی ہیں۔ اسپین نے اب تک اپنے تمام میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ جرمنی کا پہلے راؤنڈ میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا۔

یورو کپ میں اسپین کو سب سے مضبوط ٹیم قرار دیا جارہا ہے جس کے خلاف اب تک ہونے والے 4 میچز میں صرف ایک گول اسکور ہوا ہے۔ تاہم جمعہ کو ہونے والے میچ میں جرمنی ہوم گراؤنڈ کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان فٹبال ٹیم کے ورلڈ کپ میں پہنچنے کے امکانات پر قومی کوچ اسٹیفن کانسٹنٹائن کا تبصرہ

دوسرا کوارٹر فائنل پرتگال اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان 6 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ راؤنڈ آف 16 میں فرانس نے بیلجیئم کو 1-0 سے جبکہ پرتگال نے سلواکیہ کے خلاف پینلٹی شوٹ آؤٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ گروپ میچز میں فرانس نے اپنے 3 مقابلوں میں سے 2 ڈرا کھیلے تھے جبکہ پرتگال کو جارجیا کے خلاف میچ میں 2-0 سے شکست ہوئی تھی۔

تیسرا کوارٹر فائنل انگلینڈ اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیموں کے مابین 6 جولائی کو کھیلا جائے گا اور یہ ٹکر کا مقابلہ ثابت ہوگا۔ انگلینڈ نے راؤنڈ آف 16 میں سلواکیہ کیخلاف سنسنی خیز میچ میں آخری منٹ میں گول برابر کرکے ایکسٹرا ٹائم میں اپنا میچ جیتا جبکہ سوئٹزرلینڈ نے دفاعی چیمپیئن اٹلی کو 2-0 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ دونوں ٹیموں نے پہلے راؤنڈ میں ایک، ایک میچ جیتا اور 2 میچ ڈرا کھیلے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے فٹبال میچز پر پابندی عائد کی جائے، فلسطین کی اپیل پر فیفا کا قانونی مشاورت کا فیصلہ

چوتھا کوارٹر فائنل ترکیہ اور نیدرلینڈز کے درمیان 7 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ ترکیہ نے راؤنڈ آف 16 میں آسٹریا کو 2-1 سے جبکہ نیدر لینڈز نے رومانیہ کو 3-0 سے شکست دی۔ پہلے راؤنڈ میں ترکیہ نے 2 میچ جیتے اور ایک میچ میں پرتگال کے ہاتھوں اسے 3-0 سے شکست ہوئی۔ جبکہ نیدرلینڈز نے ایک میچ جیتا، ایک برابر کیا اور ایک میچ میں اسے شکست ہوئی۔

یورو کپ کے کوارٹر فائنل مرحلہ 4 بڑی یورپی ٹیموں کے لیے آخری مرحلہ ثابت ہوگا کیونکہ ان کے مدمقابل ویسی ہی مضبوط ٹیمیں ہوں گی اور دنیا بھر کے فٹبال فینز کو سنسنی اور تیزی سے بھرپور کانٹے کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp