کیلیفورنیا میں خوفناک آتشزدگی، ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور

جمعرات 4 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں خوفناک آتشزدگی نے ہزاروں افراد کو نقل مکانی پر مجبور کردیا ہے، آگ پر قابو پانے کی کوشش میں 4 فائر فائٹرز ہلاک، 8 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں آگ نے 3 ہزار ایکڑ کے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے باعث 26 ہزار سے زائد افراد اپنا گھربار چھوڑ کر وہاں سے نقل مکانی کرگئے ہیں، اور محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔

آگ بجھاتے 4 فائر فائٹرز ہلاک، 8 زخمی

یہ بھی پڑھیں : آزادکشمیر: خشک گھاس کو آگ لگانے کا کلچر، جنگلات اور جنگلی حیات کو خطرات لاحق

میڈیا رپورٹ کے مطابق 14 سو سے زائد فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں کررہے ہیں، 8 ہیلی کاپٹر اور متعدد ایئرز ٹینکرز آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ اس دوران 4 فائر فائٹرز ہلاک بھی ہوچکے ہیں، 8 فائر فائٹرز زخمی ہوئے ہیں۔

علاقے میں ایمرجنسی نافذ

مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کے لیے مزید وسائل کے ساتھ کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کو آتشزدگی پر کنٹرول کے لیے فائرفائٹرز کی معاونت کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گلوبل وارمنگ کے باعث امریکا، یورپ اور ایشیا ہیٹ ویو کی زد پر

’آگ سے نمٹنے کے لیے ہر دستیاب ٹول کا استعمال کررہے ہیں‘

گورنر گیون نیوسوم نے ایک بیان میں کہا ’ہم اس آگ سے نمٹنے کے لیے ہر دستیاب ٹول کا استعمال کررہے ہیں اور متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کے لیے اپنے مقامی اور وفاقی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔‘

دوسری طرف یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ 2018 میں آگ سے متاثرہ علاقہ پیراڈائز پھر سے آگ کی لپیٹ میں آجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ملکہِ کوہسار کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی، بڑے پیمانے پر درخت جل کر خاکستر

آگ کیسے بھڑک اٹھی؟

آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تفتیش کا عمل جاری ہے، مقامی حکام کے مطابق شاید ٹریفک کے تصادم سے آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کی وجہ سے ایک گاڑی بھی آگ کی لپیٹ میں آگئی، علاقے میں تقریباً 150 عمارتیں خطرے میں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp