موٹر وے سے ایوان صدر تک کا سفر صرف 15منٹ میں، محسن نقوی نے نئے منصوبے کا اعلان کردیا

جمعرات 4 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آنے والے چند مہینوں میں اسلام آباد میں ایک بہت فرق نظر آئے گا اور اسلام آباد کے شہری موٹروے سے ایوان صدر تک کا فاصلہ صرف 15 منٹ میں طے کرسکیں گے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے چیئرمین ایک محنتی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، ان کی سربراہی میں اسلام آباد میں ایسے منصوبے شروع کیے جارہے ہیں جن سے شہریوں کو ریلیف مل سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں درجہ حرارت 60 ڈگری تک پہنچ گیا؟

محسن نقوی نے کہا کہ سی ڈی اے ایک اہم منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔ یہ منصوبہ مارگلہ ایکسپریس وے کو موٹروے سے منسلک کرنے کا ہے۔ اس شاہراہ کے ذریعے شہری موٹروے سے ایوان صدر تک صرف 15 منٹ میں پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ ایکسپریس وے کی تکمیل آخری مراحل میں ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں کو طویل فاصلہ طے نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں مزید 2 منصوبے شروع کیے جارہے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد کے شہریوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکٹر ایف ایٹ اور ایف نائن کے درمیان ٹریفک کا بہت دباؤ تھا جسے کم کرنے کے لیے فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا جس کی ڈیزائننگ کا کام مکمل ہوگیا ہے اور جلد ٹینڈر جاری کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں مرد کلرک کو ہراساں کرنے پر خاتون کیخلاف شکایت درج

دوسرے منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرینا چوک پر بھی ٹریفک کا رش زیادہ ہوتا ہے، وہاں انڈر پاس تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کی ڈیزائننگ مکمل ہوچکی ہے اور 4 سے 5 ہفتے میں اس کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گا۔

اسلام آباد ایکسپریس وے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپریس وے میرے بچپن میں بھی بن رہی تھی اور اب بھی بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے گزشتہ 15 سے 20 سال سے بن رہی ہے لیکن اب اس کا کام ستمبر یا اکتوبر تک ختم ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ محسن نقوی کی کوششوں سے اسلام آباد میں جاری ’سیو دی غزہ‘ دھرنا ختم

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ دارالحکومت میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں کمی ہوئی ہے، 15 کے ڈیٹا کے مطابق پچھلے ڈیڑھ ماہ میں کرائم ریٹ 57 فیصد کم ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد محنت سے کام کررہے ہیں اور اسلام آباد میں سیکٹرز، سڑکوں، ٹریفک یا کرائم کے مسائل کے حوالے سے ایک سال کے اندر واضح فرق نظر آئے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp