سابق رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر تنقید نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کچھ دوستوں کے مشورے پر پی ٹی آئی کی قیادت پر اب تنقید نہیں کرنا چاہتا لیکن اپنی تجاویز دیتا رہوں گا۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی سینئیر قیادت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری سے رابطہ کیا تھا اور ان کو پارٹی کی موجودہ قیادت پر تنقید نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
مزید پڑھیں: رؤف حسن جیسے لوگوں کے ذریعے پی ٹی آئی پر قبضہ کرایا گیا، فواد چوہدری
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئیر قیادت نے پارٹی ترجمان رؤف حسن سے بھی فواد چوہدری سے متعلق تنقید کرنے سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے۔
دونوں رہنماوں کے مشترکہ دوستوں نے سیز فائیر کروانے کی کوشش کی ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس معاملے کو حل کروانے میں کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان پی ٹی آئی عہدیداروں میں اختلافات پر متفکر، فریقین کو ملاقات کے لیے بلا لیا
دونوں رہنماوں کا موقف ہے کہ اس معاملے سے پارٹی بیانیے کو نقصان پہنچ رہا ہے اور اصل مقصد سے توجہ ہٹ رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دونوں رہنماوں کو سیز فائیر کی یقین دہانی کروادی ہے۔
واضح رہے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دونوں فریقین کو ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل بلایا تھا لیکن دونوں فریقین اڈیالہ جیل کے باہر گھنٹوں انتظار کرتے رہے، حکام کی جانب سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔