’عبدالرزاق نے جوانی میں بھی ایسا کیچ نہیں پکڑا ہوگا‘، 44 سالہ کھلاڑی کا غیر معمولی کیچ وائرل

جمعہ 5 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئن نے آسٹریلیا کے بعد ویسٹ انڈیز کو ہرا کر مسلسل دوسری فتح حاصل کر لی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیے گئے 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 169 رنز ہی بنا سکی اور پاکستان نے 29 رنز سے میچ جیت لیا۔

پاکستان چیمئن کی جانب سے مسلسل دوسری فتح پر شائقین کرکٹ کی جانب سے ان کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں، جہاں صارفین ان کھلاڑیوں کا موازنہ موجودہ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں سے کرتے نظر آتے ہیں وہیں ان کی فٹنس کی داد دیتے بھی نہیں تھک رہے۔

سوشل میڈیا پر پاکستان چیمپئن کی ویسٹ انڈیز کے ساتھ میچ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں سابق آل راؤنڈر عبدا لرزاق کو سہیل تنویر کی گیند پر شاندار کیچ پکڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق نے اپنے عروج کے وقت پر پاکستانی ٹیم میں کھیلتے ہوئے کبھی ایسا کیچ نہیں پکڑا ہوگا۔

ایک صارف نے عبد الرزاق کے کیچ پکڑنے کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے پوئے لکھا کہ جب ڈالرز مل رہے ہوں تو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

حسین نامی صارف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے درخواست کی کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شامل کھلاڑیوں کو پاکستانی ٹیم میں شامل کریں تاکہ وہ پاکستان کے لیے کھیل سکیں۔

ایک صارف نے کہا کہ یہ کھلاڑی پاکستان کی موجودہ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں سے اچھا کھیل رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہد آفریدی نے 3 اور وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پہلے میچ میں کامیابی کا موجب بننے والے کپتان یونس خان اور مصباح الحق دوسرے میچ میں ناکام رہے۔

 انگلینڈ کی میزبانی میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء میں انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے سینئر کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹیمیں 3 سے 13 جولائی تک ایکشن میں نظر آئیں گی۔

 شائقین شاہد آفریدی، یوراج سنگھ، ڈیل سٹین اور کیون پیٹرسن سمیت ماضی کے کئی نامور کھلاڑیوں کو کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔  پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 6 جولائی کو ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp