اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کارسرکار میں مداخلت اور اشتعال انگیزی کے کیس میں عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عدنان علی نے ریاست کی طرف سے درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ریاست کا موقف سنے بغیر ضمانت منظور کی۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ پراسیکیوٹر کو نوٹس سے متعلق آگاہ بھی نہیں کیا اور مجسٹریٹ نے فیصلہ کردیا جبکہ حسان نیازی مقدمے میں نامزد ہے اور ضمانت کا حقدار نہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ چوں کہ ملزم حسان نیازی پر پولیس اہلکاروں پر اقدام قتل کا الزام ہے لہٰذا عدالت حسان نیازی کی ضمانت منسوخ کرے۔
ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان نے فریقین کو نوٹس جاری کیے۔ حسان نیازی کو 30 مارچ کے لیے نوٹس جاری کردیا گیا۔