نو منتخب ایرانی صدر کے بارے میں کس ملک کی کیا رائے ہے؟

اتوار 7 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان، بھارت، سعودی عرب، روس اور چین سمیت کئی ملکوں کے رہنماؤں نے ایران کے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

گزشتہ روز ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی انتخابات میں کامیابی کا اعلان ہوتے ہی عالمی رہنماؤں کی جانب سے انہیں مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

اپنے بھائی کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ایرانی صدارتی انتخاب میں اپنے بھائی کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نومنتخب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کون ہیں؟

شہباز شریف نے کہا کہ وہ علاقائی امن اور استحکام سمیت دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے نومنتخب ایرانی صدر کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

وزیرِ اعظم پاکستان نے کہا کہ ہمسایہ ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان اور ایران کے قریبی اور تاریخی تعلقات ہیں، ہمیں دونوں ملکوں کے عوام کے روشن مستقبل کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔

ایران کی نئی قیادت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں، نریندر مودی

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی نومنتخب ایرانی صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں اور خطے کے مفاد کے لیے وہ ایران کی نئی قیادت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی مسعود پزشکیان کو مبارکباد

یہ بھی پڑھیں : اصلاح پسند امیدوار مسعود پزشکیان ایران کے نئے صدر منتخب

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے تعلقات اور باہمی مفادات کے فروغ کے خواہش مند ہیں۔

روسی صدر ولادی میر پوٹن نے مسعود پزشکیان کو مبارکباد

روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے مسعود پزشکیان کو انتخابی جیت پر مبارکباد دی۔

صدر پوٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ نو منتخب ایرانی صدر کا دور دو طرفہ تعمیری تعاون پر مبنی ہوگا۔

بیجنگ تہران کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، چینی صدر

یہ بھی پڑھیں : ایران: قبل ازوقت صدارتی انتخابات میں کوئی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ نہ لے سکا، اب کیا ہوگا؟

چین کے صدر شی جن پنگ نے نومنتخب ایرانی صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ تہران کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے اسٹرٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے۔

شام اور ایران کے درمیان اسٹرٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے، بشارالاسد

شام کے صدر بشار الاسد نے نومنتخب ایرانی صدر کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ شام اور ایران کے درمیان اسٹرٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آپ کے ساتھ کام کریں گے۔

تاجکستان کے صدر ایمومالی رحمان کی نومنتخب ایرانی صدر کو اپنے ملک کے دورے کی دعوت

تاجکستان کے صدر ایمومالی رحمان نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد اور اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ہے۔

مسعود پزشکیان کو ایران کا نیا صدر منتخب ہونے پر ‘سنجیدہ’ مبارکباد

آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ مسعود پزشکیان کو ایران کا نیا صدر منتخب ہونے پر ‘سنجیدہ’ مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سرکاری گھر خالی کریں، اسمرتی ایرانی سمیت ہارجانے والے وزرا کو نوٹس جاری

واضح رہے کہ 5 جولائی کو ایرانی صدارتی الیکشن کے دوسرے مرحلے (رن آف) میں اصلاح پسند امیدوار مسعود پزشکیان ایک کروڑ 63 لاکھ ووٹ لیکر ایران کے صدر منتخب ہوئے ہیں، جبکہ ان کے انتخابی حریف رجعت پسند سعید جلیلی ایک کروڑ 35 لاکھ ووٹ لے سکے۔

اس سے قبل 28 جون کو ایران میں صدارتی انتخاب منعقد ہوئے تھے، تاہم انتخاب میں کوئی بھی امیدوار مطلوبہ 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہ کرسکا تھا جس کے بعد 5 جولائی کو صدارتی انتخاب کا دوسرا مرحلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، پہلے مرحلے میں ووٹرز کی شرح 40 فیصد رہی تھی جو ایرانی صدارتی انتخاب کے تمام ادوار میں سب سے کم شرح ہے۔

یاد رہے کہ ابراہیم رئیسی 2021 میں ایران کے صدر منتخب ہوئے تھے اور شیڈول کے تحت صدارتی انتخاب 2025 میں ہونا تھے تاہم مئی میں ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کے بعد صدارتی انتخاب قبل از وقت منعقد ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp