ایک درخت پر 22 پھل، قدرت کا کرشمہ یا پیوندکاری کا شاہکار؟

منگل 9 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خدائے بارتعالیٰ نے بلوچستان کے خطے کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے۔ اس خطے کی زمین جہاں معدنی ذخائر سے مالامال ہے وہیں سطح ک اوپر کی زرخیر زمین پھلوں کی نشونما کے لیے بہترین ہیں۔ بات ہو اگر پھلوں کی تو بلوچستان کے ضلع زیارت کے نواحی علاقے احمدون میں ایک درخت نایاب درخت ایسا بھی ہے جس میں موسم سرما اور موسم گرما دونوں کے پھل لگتے ہیں اور یوں یہ اکلوتا درخت ایک سال میں 22 مختلف اقسام کے پھل پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے درخت کے مالک رضوان اللہ نے بتایا کہ میرے باغ میں یہ واحد درخت ہے جس میں یہ خاصیت موجود ہے کہ یہ سال بھر کے دوران 22 اقسام کے رسیلے پھل دے سکے۔

رضوان اللہ نے بتایا کہ ان کے والد نے 10 سے 12 سال کے عرصے میں اس درخت پر پیوندکاری کی اور اس کی خاص بات یہ بھی ہے کہ ہمیشہ مون سون کے موسم میں اس درخت پر کسی ایک پھل کی پیوندکاری کی جاتی تھی اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ درخت 22 اقسام کے پھل پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کرگیا۔ جہاں تک بات ہے اس درخت پر پیدا ہونے والوں پھلوں کی تو ان کا ذائقہ ہو بہو انہی پھلوں جیسا ہے۔

مزید پڑھیں: مری میں درختوں کا آشیانہ اب کرائے پر دستیاب

انہوں نے بتایا کہ یہ درخت 4 سے 5 اقسام کی خوبانی، آلوبخارا، گنگریچ، کالا امبر کی چند اقسام، بادام کی 2 سے 3 اقسام اور اس کے علاوہ آڑو سمیت دیگر اقسام کے پھل اس درخت پر اگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد کو اس درخت سے بہت لگاؤ اور انس تھا اور وہ اس درخت کو وقت پر پانی اور کھاد فراہم کرتے تھے تاکہ اس کی مکمل نشوونما ہوسکے۔

رضوان اللہ نے بتایا کہ ابتدا میں یہ ایک خوبانی کا درخت تھا جس پر بعد میں مختلف اقسام کے پھلوں کی پیوندکاری کی گئی جس کے کامیاب تجربے کے بعد یہ درخت 22 اقسام کے پھل دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: درخت کاٹنے کے بجائے گوبر سے گیس کیوں نہ بنائیں؟

انہوں نے کہا کہ تقریباً 20 سال سے یہ درخت یہاں آج بھی آب و تاب کے  ساتھ موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا اس درخت سے بہت فائدے اٹھا سکتی ہے، دراصل اگر ایک درخت پر زیادہ پھل لگے ہوں تو وہ جگہ کم گھیرے گا اور یوں زیادہ اقسام کے پھل میسر ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ باغبانی کی مہارت اور صبر کی ایک بہترین مثال اس درخت کی پیوند کاری اور دیکھ بھال میں 2 دہائیوں کا عرصہ بیت چکا ہے جس کے بعد اب یہ درخت لذیز، ذائقے دار اور رسیلے پھلوں دیتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp