سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف حملہ کیس کے تحقیقاتی پولیس افسر کے قتل میں نامزد 3 ملزمان کو بری کردیا، عدالتِ عظمیٰ کے 3 رکنی بینچ میں شامل جسٹس عائشہ ملک نے ملزمان کی بریت کی مخالفت کی۔
سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف حملہ کیس کے تحقیقاتی پولیس افسر راجہ ثقلین قتل کیس کے 3 ملزمان ارشد ستی، طاہر عباسی اور قاری یونس کو بری کردیا ہے، سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے 2 کے مقابلے پر ایک کے تناسب سے ملزمان کی بریت کا فیصلہ سنایا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق صدر جنرل پرویز مشرف دبئی میں انتقال کرگئے
جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، جس میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس ملک شہزاد احمد بھی شامل تھے، جسٹس عائشہ ملک نے اکثریتی فیصلہ سے اختلاف کرتے ہوئے اختلافی نوٹ لکھا۔
ملزمان کی جانب سے عادل عزیز قاضی ایڈوکیٹ نے پیروی کی، پرویز مشرف حملہ کیس کی تحقیقات پر مامور انسپکٹر راجہ ثقلین کو 2004 میں راولپنڈی میں قتل کردیا گیا تھا، ان کے قتل میں نامزد 4 ملزمان میں سے عید محمد دورانِ حراست انتقال کرگیا تھا۔