راولپنڈی سے گلگت جانے والی گاڑی استور کے مقام پر حادثے کا شکار ہوکر دریا میں جاگری ہے، جس کے بعد ابتدائی طور پر 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق راولپنڈی سے استور جانے والی ٹویوٹا فارچیونز گاڑی ہرچو کے قریب حادثے کا شکار ہوکر دریا میں گرگئی۔
یہ بھی پڑھیں چلاس بس حادثہ، پاک فوج کا ایویکویشن آپریشن
ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ دریا کے کنارے سے گاڑی کا اگلا بمپر اور اس کے ساتھ ایک پرس ملا جس میں ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں کے 3 شناختی کارڈ موجود تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جن افراد کے شناختی کارڈ ملے ان میں بریگیڈیئر (ر) شبیر احمد، لیڈی بریگیڈیئر (ر) فرزانہ شبیر اور ایئرکموڈور (ر) شیرزادہ خان شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں داسو: لینڈ سلائڈنگ کے باعث گاڑی کو حادثہ، 2 افراد جاں بحق
ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ 2 خواتین کی لاشیں نکال کر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جن میں سے ایک کی شناخت لیڈی بریگیڈیئر (ر) فرزانہ شبیر کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسری کی شناخت نہیں ہوسکی۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ دیگر افراد کی لاشیں ملنا ابھی باقی ہیں، تاہم یہ معلوم نہیں کہ گاڑی میں کتنے لوگ موجود تھے۔