پشاور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے خاتون کو اس وقت قتل کردیا جب وہ قتل کیس میں ضمانت ملنے کے بعد موٹر سائیکل پر گھر جا رہی تھی۔
پشاور پولیس نے واقعے کی تصدیق کردی اور بتایا کہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں امیر بالاج قتل کیس میں نئی پیشرفت، پولیس نے گرفتار ملزم سے متعلق عدالت کو کیا بتایا؟
ایس پی سٹی ڈویژن ظفر احمد خان نے بتایا کہ واقعہ تھانہ شاہ قبول کی حدود پتے چمن میں پیش آیا ہے، مقتولہ داماد کے ساتھ موٹر سائیکل پر گھر جارہی تھی کہ ان پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔
ایس پی نے بتایا کہ خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ ان کا داماد زخمی ہوگیا جسے علاج کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
خاتون قتل کیس میں ضمانت پر رہا ہوئی تھی، پولیس
ایس پی سٹی نے بتایا کہ مقتولہ قتل کیس میں پشاور جیل میں تھی۔ 21 جون کو تھانہ گلبرگ کی حدود ٹیوب ویل چوک میں فائرنگ سے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں خاتون کو نامزد کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کیا تھا، جو آج ضمانت پر پشاور جیل سے رہا ہوئی تھی۔ مقتولہ جیل سے رہائی کے بعد داماد کے ساتھ موٹر سائیکل پر گھر کی طرف جا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں سارہ انعام قتل کیس: شاہنواز امیر کو سزائے موت ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ محفوظ
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ ابتدائی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم تفیش کے بعد قتل کے پس پردہ محرکات کے بارے کچھ کہا جا سکے گا۔
انہوں نے کہاکہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔