کراچی میں نجی سافٹ ویئر کمپنی کے ملازم نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کو تیز دار آلے سے قتل کردیا تھا جس کا مقدمہ گزشتہ روز تھانہ ٹیپو سلطان میں درج ہوچکا ہے۔
پیر کو ہونے والے اس قتل کی وجہ جو ملزم کے ابتدائی بیان میں سامنے آئی ہے وہ یہ ہے کہ ملزم کے بیمار والد کی ادویات کے لیے اسے تنخواہ کی ضرورت تھی جو نہ مل سکی اور اس پر اس نے طیش میں آکر سی ای او کو قتل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں آن لائن آم فروخت کرنیوالا آخری پیٹی پہنچانے سے قبل قتل
کراچی پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر کراؤن پلازہ کی چوتھی منزل پر واقع ایک دفتر میں ایک کمپنی کے سی ای او نوید خان کو ان کے ایک سابق ملازم شعیب خان نے قتل کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کئی روز سے اپنی تنخواہ نہ ملنے پر پریشان تھا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ اس کمپنی کا مرکزی دفتر پاکستان میں نہیں ہے اور مقتول کے بھائی امتیاز خان بھی اسی سافٹ وئیر کمپنی میں کام کرتے ہیں۔ بھائی سے لی گئی معلومات کے مطابق ملزم کئی ماہ سے رکی ہوئی تنخواہ کا تقاضہ کرنے سی ای او کے کمرے میں گیا اور پھر جب وہ وہاں سے باہر آیا تو اس کے کپڑے خون میں لت پت تھے، جب اندر جا کر دیکھا گیا تو سی ای او شدید زخمی پائے گئے۔
مزید پڑھیے: کراچی: قتل کی نیت سے حملہ آور بیٹا باپ کے ہاتھوں قتل
ایس ایچ او تھانہ ٹیپو سلطان کے مطابق ملزم شعیب خان کوموقعے سے گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا تھا۔ وہ گزشتہ 8 ماہ سے اس کمپنی میں بحیثیت ڈیویلپر کام کررہا تھا۔
شعیب کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے جس میں اس نے بتایا ہے کہ اس کے والد بیمار تھے اس لیے اسے پیسوں کی سخت ضرورت تھی۔
ملزم نے مزید بتایا کہ سی ای او نے اسے پہلے ایچ آر کے پاس بھیجا اور پھر فنانس ڈیپارٹمنٹ (لیکن کام نہ ہوسکنے کے باعث) پھر وہ واپس مقتول کے کمرے میں گیا اور مشتعل ہو گیا۔