بس بہت ہوا، جتنا موقع بابر کو ملا اتنا کسی کپتان کو نہیں ملا، شاہد آفریدی

بدھ 10 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو قومی سلیکشن کمیٹی سے برطرف کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے بابراعظم کو کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے قومی سلیکشن کمیٹی کے اہم ارکان وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پی سی بی کا یہ فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم ناکام کیوں ہوئی؟ وہاب ریاض نے اہم رپورٹ پیش کردی

شاہد آفریدی نے کہا کہ ’میں ایک چیز پر یقین رکھتا ہوں کہ کوئی بھی فیصلہ لیں تو اس سسٹم کو یا کپتان کو پورا موقع اور وقت دیں، یعنی اس کو چلنے دیں‘۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت مصباح الحق اور یونس خان نے بھی کپتانی کی لیکن بابراعظم کی طرح اتنا کھلا چانس کسی کپتان کو نہیں ملا، ورنہ جیسے ہی ورلڈکپ ختم ہوتا سب سے پہلے کپتان کے اوپر چھری پھیری جاتی تھی۔

’بابراعظم کو تو 3 ورلڈکپ، 2 سے 3 ایشیا کپ سمیت زبردست موقع ملا، اب جو بھی سرجری کرنی ہے تو ایک ہی دفعہ کی جائے اور جس کو کپتان بنایا جائے اس کو پورا وقت اور موقع دیا جائے۔‘

یہ بھی پڑھیں : ’سرجری‘ شروع: وہاب، عبدالرزاق سلیکٹرز نہیں رہے، دیگر تبدیلیاں بھی متوقع

شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے تو ابھی پتا چلا کہ سلیکشن کمیٹی کے ارکان وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو برطرف کیا گیا ہے، لیکن یقین جانیں مجھے یہ والی سرجری سمجھ نہیں آئی، کیونکہ سلیکشن کمیٹی 6 سے 7 لوگوں کی تھی، ایسے میں صرف ان 2 کو کیوں ہٹایا گیا۔

واضح رہے کہ عبدالرزاق قومی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن تھے جبکہ وہاب ریاض مینز ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے، تاہم پی سی بی نے دونوں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گراس روٹ لیول کی کرکٹ میں سرجری کی ضرورت ہے، شاہد آفریدی

پی سی بی نے اپنے مختصر اعلامیے میں کہا ہے کہ بورڈ کو وہاب ریاض اور عبدالرزاق کی مزید خدمات درکار نہیں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp