پشاور: سیکیورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، 4 جوان شہید

بدھ 10 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے خیبرپختونخوا کے ضلع پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی ہے، اور انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا تو اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ، 3 جوان شہید

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان بھی شہید ہوگئے۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں دہشتگرد کمانڈر عبدالرحیم بھی شامل ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ جبکہ یہی کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور حوالدار شفیق اللہ کی شہادت کا بھی ذمہ دار تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں شمالی وزیرستان، سیکیورٹی فورسز نے 2 دہشتگرد ہلاک کردیے، فوجی آفیسر شہید

شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے جوانوں میں سپاہی محمد ادریس، سپاہی بدام گل، سب انسپکٹر تاج میر شاہ، اور سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اکرم شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز پاکستان بھر میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp