پروٹیکٹڈ صارفین کو اوور بلنگ، ایف آئی اے نے سابق ایم ڈی پی پی ایم سی کو طلب کرلیا

بدھ 10 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے پروٹیکٹڈ صارفین کو بجلی کے زیادہ بل بھیجے جانے کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (پی پی ایم سی) کے سابق ایم ڈی ظفر عباس کو طلب کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں ایک ماہ کے دوران 92 کروڑ 69 لاکھ بجلی یونٹس کی اوور بلنگ کا انکشاف

ذرائع کا کہنا ہے کہ ظفر عباس کو ایف آئی اے نے 11 جولائی کو اینٹی کرپشن سرکل لاہور میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر ایف ائی اے نے اوور بلنگ پر تحقیقات شروع کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں جہاں عوام بجلی کے بھاری بھر کم بلوں سے تنگ ہیں وہیں حکومت نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو خصوصی رعایت دی ہے، تاہم یہ شکایات سامنے آئی تھیں کہ 200 یونٹ سے کم یونٹس استعمال کرنے والوں کو اوور بلنگ کی گئی ہے جس کے باعث وہ پروٹیکٹڈ صارفین کی کیٹیگری سے نکل گئے اور زیادہ بل ادا کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے ہوئی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے، وزیر داخلہ محسن نقوی

اس صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے احکامات جاری کیے تھے کہ پروٹیکٹد صارفین کو اوور بلنگ کرنے والوں کا تعین کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp