ایک ماہ کے دوران 92 کروڑ 69 لاکھ بجلی یونٹس کی اوور بلنگ کا انکشاف

جمعہ 26 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں ایک ماہ کے دوران بجلی کی 92 کروڑ 69 لاکھ یونٹس کی اوور بلنگ کی گئی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ جو عناصر بجلی کی اوور بلنگ میں ملوث ہیں ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ایک ماہ میں 256 کنکشنز میں اوور بلنگ کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد اس میں ملوث عناصر کے خلاف 23 انکوائریاں کی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق جو لوگ اوور بلنگ میں ملوث پائے گئے ہیں ان کے خلاف 5 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ سرکاری دفاتر اور گھروں میں اوور بلنگ کی مد میں اربوں روپے بجلی بلوں میں وصول کیے گئے ہیں جبکہ صرف ایک ماہ کے دوران ملک بھر میں 92 کروڑ 69 لاکھ یونٹس کی اوور بلنگ ثابت ہوئی ہے۔

ترجمان نے مزید کہاکہ اوور بلنگ سے عوام اور دیگر سرکاری اداروں کو 34 ارب 29 کروڑ کا نقصان اٹھانا پڑا۔

دوسری جانب ڈی ایف آئی اے نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اوور بلنگ میں ملوث ہیں ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور ملزمان کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp