پاکستان 9 مئی پر اپنے قوانین اور آئین کی بالا دستی کے لیے پرعزم ہے، دفتر خارجہ

جمعرات 11 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان 9 مئی پر اپنے قوانین اور آئین کی بالا دستی کے لیے پرعزم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریگنگ میں بتایا کہ 9 مئی کی  بدامنی کے حوالے سے ہم نے واضج کیا ہے کہ پاکستان ایک قانون اور آئین رکھنے والا ملک ہے،9  مئی پر ہم اپنے قوانین اور آئین کی بالا دستی کے لیے پرعزم ہیں،اس آئین میں عوام کی جانوں اور جائیدادوں کا تحفظ شامل ہے۔

آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا دورہ پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علیوف آج 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، آذربائجان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ باکو کے دوران دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : غیرملکی سفارتکار پاکستان کے اندرونی معاملات پر تبصروں میں محتاط رہیں، ترجمان دفتر خارجہ

صدر الہام علیوف پاکستان میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستان اور اسٹونیا کے درمیان باہمی سیاسی مشاورت

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور اسٹونیا کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا، ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ برائے یورپ شفقت علی خان نے پاکستان کی قیادت کی۔

ایشیا، بحرالکاہل، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے شعبہ کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹی کارلسون نے اسٹونیا کے وفد کی سربراہی کی۔

یہ بھی پڑھیں : یونان میں گرفتار اینکر اور ایتھلیٹ مونا خان کو رہا کر دیا گیا، دفتر خارجہ کی تصدیق

دونوں فریقین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا ایک جامع جائزہ لیا اور علاقائی اور عالمی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان کی غزہ کے اسکولوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں کی مزمت

پاکستان نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ میں 4 اسکولوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج نے اپنے عمل سے عالمی قوانین کی توہین اور غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

93واں یوم شہدا کشمیر

دفتر خارجہ کے مطابق رواں ہفتے 93واں یوم شہدا کشمیر منایا جارہا ہے، اس روز 22 کشمیریوں کو ڈوگرا افواج نے شہید کیا تھا۔

ڈوگرا افواج کی طرز پر بھارتی قابض افواج نے ہزاروں کشمیریوں کو گذشتہ دہائیوں میں شہید کیا ہے، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی ہرممکن اخلاقی امداد جاری رکھے گا۔

ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری، پاکستان کی شرکت

ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری کی تفصیلات کا انتظار ہے، تفصیلات موصول ہوتے ہی پاکستانی وفد کی ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

شہید برہان احمد وانی کو تحریک کشمیر کا آئیکن

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم شہید برہان احمد وانی کو تحریک کشمیر کا آئیکن سمجھتے ہیں۔

افغان مہاجرین کے لیے پی او آر میں ایک برس کی توسیع

ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق پاکستان میں افغان مہاجرین کی مختلف کیٹیگریز موجود ہیں، کابینہ نے افغان مہاجرین کے لیے پی او آر میں ایک برس کی توسیع کردی ہے۔

غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے قریب

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف شروع کیے جانے والے آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے والا ہے، ابتدا میں واپس بھیجے جانے والے غیر قانونی غیر ملکیوں بالخصوص افغان شہریوں کی تعداد کافی زیادہ تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آئی ایف آر پی پاکستانی قوانین پر عملدرآمد کے لیے ہے جس کے تحت پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔

آئی ایف آر پی کے تحت متعدد ممالک کے غیرقانونی غیرملکیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔

پاکستان مرحلہ وار آئی ایف آر پی کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے،آئی ایف آر پی کا پہلا مرحلہ گذشتہ کئی ماہ سے جاری تھا،یہ ضروری دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم غیر قانونی شہریوں کے خلاف تھا۔

اسحاق ڈار کے غیر ملکی دورے

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کسی بھی ملک کا دورہ اُس ملک کے ساتھ مشاورت کے بعد کریں گے۔

عاصم افتخار احمد کی اقوام متحدہ میں تقرری

عاصم افتخار احمد کی اقوام متحدہ مستقل مشن میں تقرری کا فیصلہ حکومت پاکستان کا ہے، عاصم افتخار احمد کو حکومت نے تمام ذمہ داریاں اور اختیارات دیے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp