محرم کے بعد بھوک ہڑتال کی کال دوں گا، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کیمپس لگائے جائیں گے، عمران خان

جمعرات 11 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو بھوک ہڑتال پر جانے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ جمعرات کو اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ عاشورہ کے بعد بھوک ہڑتال پر جانے کی تاریخ کا اعلان کروں گا، پوری قوم تیاری کرلے، پاکستان اور دنیا بھر میں بھوک ہڑتال کی جائے گی۔

سابق وزیراعظم عمران خان سے شبلی فراز، عمر ایوب، رؤف حسن، جنید اکبر، شاندانہ گلزار اور دیگر رہنماؤں نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے تحفظات بھی سنے اور انہیں حل کرنے کے لیے ہدایات جاری کیں۔

مزید پڑھیں: ظلم بند نہ ہوا تو عمران خان بھوک ہڑتال کریں گے، علی محمد خان

سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو کہا کہ پاکستان میں اس وقت ظلم کا نظام ہے اس نظام کے خلاف ہم بھوک ہڑتال کریں گے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو احتجاجی حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے عمران خان کو بھوک ہڑتال نہ کرنے کی تجویز دی، عمران خان نے کہا سب سے پہلے میں خود بھوک ہڑتال کا اعلان کروں گا اس کے بعد پورے پاکستان اور پھر اوورسیز پاکستانیوں کو بھوک ہڑتال پر جانے کا اعلان کریں گے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو تحفظات ختم کرنے کی ہدایات دیں، خیبر پختونخوا کے ارکان پارلیمنٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو خیبر پختونخوا گورننس میں مسائل اور پارٹی قیادت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں سے متعلق تحفظات بارے آگاہ کیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ صوبے میں تاحال بیروکریسی میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی، جج آر اوز نے دھاندلی کے سامنے مزاحمت کی ان کو آج بھی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور جو بیروکریسی نگراں حکومت کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی کے خلاف استعمال ہوئی آج بھی انہیں عہدوں پر بٹھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے ساتھ باقی لیڈرشپ بھی بھوک ہڑتال کرے گی، ملک احمد خان بھچر

عمران خان نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کو خیبر پختونخوا کے ایم این ایز کے تحفظات کو دور کرنے اور صوبے میں گورننس کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp