شرافت سے سیاست کرنا چاہتے ہیں مگر آئین شکنی پر شریف نہیں رہیں گے، بلاول بھٹو

بدھ 29 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوری طریقہ سے تحریک عدم اعتماد کے جواب میں اسپیکر اور صدر نے آئین توڑا۔ انہوں نے وزیراعظم صاحب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئین توڑا گیا ہے تو اس پر مقدمہ قائم کرنا چاہیے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انکے اتحادی ایک اور چیف جسٹس افتخار چوہدری کو بھول جاتے ہیں جس نے اس ملک پر عدالتی آمریت قائم کی تاکہ جمہوریت کو نقصان پہنچاتے ہوئے ’ہائبرڈ نظام‘ قائم کیا جاسکے۔

’افتخار چوہدری نےاس ملک میں عدالتی آمریت کی بنیاد رکھی۔ پاکستان کے عوام  تاریخی معاشی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ نالائق وزیراعظم نے اپنے ہاتھ سے معیشت کا گلا گھونٹا۔‘

عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے قبل اسپیکر کی رولنگ اور صدر کی جانب سے اسمبلی توڑنے کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ شرافت سے سیاست کرنا چاہتے ہیں مگر آئین ٹوٹنے پر شریف نہیں رہیں گے۔

’سابق آرمی چیف نے تسلیم کیا اسٹیبلشمنٹ سیاست میں مداخلت کرتی رہی ہے، 70 سال میں ایک پورا متوازی نظام بن چکا ہے، ایک سیاسی کلاس ہے جس کا مستقبل صرف آمرانہ نظام ہے۔‘

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ بدقسمتی سے ملک پر ایسا وزیراعظم مسلط کیا گیا جس نے دہشت گردوں کو معاف کیا۔

’ہم نے دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کی صلاحیت ختم کردی تھی۔ نالائق وزیراعظم نے اپنے ہاتھ سے معیشت کا گلا گھونٹا۔ ہمارے ہر جمہوری قدم کے جواب میں غیر جمہوری قدم اٹھایا گیا۔

بلاول بھٹو کے مطابق کسی آمر کے بیٹے کا جمہوریت میں کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہوسکتا۔ ’پاشا آیا ، ظہیر آیا ، فیض آیا ، سب چلے گئے لیکن ایک مستقل عمران اب بھی ہے۔‘

سابق چیف جسٹس کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کے پاس ڈیم فنڈ جمع کرنے کا کیا اختیار ہے۔ ’یہ فرعون کی طرح بیٹھ کر آئین کی اپنی مرضی کی تشریح کرتے ہیں۔ یہ فیصلے لکھتے ہیں تو آئین توڑتے ہیں۔‘

بلاول بھٹو کے مطابق پیپلزپارٹی کی روایت رہی ہے کہ شرافت سے سیاست کی جائے۔ ’ہمیں آپس میں بیٹھنا ہوگا، ان کے ساتھ بھی بیٹھنا ہوگا جن کی شکل ہمیں پسند نہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp