یورو 2024: برطانوی اسٹار فٹبالر جوڈ بیلنگھم جرابوں میں سوراخ کیوں کرتے ہیں؟

جمعہ 12 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی اسٹار فٹبالرز جوڈ بیلنگھم اور بوکایو ساکا نے شاندار کھیل کی بدولت انگلینڈ کو یورو 2024 کے فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ برطانیہ نے گزشتہ روز (11 جولائی) نیدرلینڈز کو 2-1 سے شکست دے کر یورو 2024 کے فائنل میں اسپین کے خلاف جگہ بنائی تھی۔

دنیا بھر کے شائقین جہاں جوڈ بیلنگھم اور بوکایو ساکا کی مہارت اور صلاحیتوں کے معترف ہیں، وہیں وہ اس تجسس کا شکار بھی ہیں کہ یہ دونوں کھلاڑی میچ کے دوران اپنی جرابوں میں سوراخ کیوں کرتے ہیں؟

بیلنگھم نے سلوواکیا کے خلاف راؤنڈ آف 16 کے میچ کے دوران ایکروبیٹک سائیکل کک کے ذریعے برطانیہ کو موت کے جبڑے (یقینی شکست) سے بچایا تھا۔ اس جیت کا بے ہنگم جشن منانے کی وجہ سے یوئیفا (UEFA) نے ان پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی تھی۔

بات کی جائے دوسرے اسٹار کھلاڑی بوکایو ساکا کی تو انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میچ میں بہترین کھیل کھیلا اور ٹیم کو فتح دلوائی۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ کے بعد ہونے والے شوٹ آؤٹ میں پینلٹی گول بھی کیے تھے۔

مزید پڑھیں:میں ریکارڈز فالو نہیں کرتا، ریکارڈز مجھے فالو کرتے ہیں: کرسٹیانو رونالڈو

برطانوی کمنٹیٹر رچرڈ کیز نے کھلاڑیوں کو کھیلتے ہوئے جرابوں میں سوراخ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کیز ماضی میں پریمیئر لیگ سے بھی مطالبہ کر چکے ہیں کہ وہ جرابوں میں سوراخ کرنے کی ‘بکواس‘ ختم کرے۔

کھلاڑی جرابوں میں سوراخ کیوں کرتے ہیں؟

جوڈ بیلنگھم جیسے کھلاڑی میدان میں اترنے سے پہلے جرابوں میں سوراخ کرتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ چست (ٹائیٹ) جرابیں ٹانگوں کے عضلات کو دبائے رکھتی ہیں اور خون کا بہاؤ سست کر دیتی ہیں، جس سے بھاگنے میں کمی اور درد کا احساس ہوتا ہے جو کارکردگی پر بُرا اثر ڈالتی ہے۔ جرابوں میں سوراخ کرنے سے بھاگتے ہوئے پٹھوں کی ’سانس لینے کی صلاحیت‘ بڑھ جاتی ہے۔

یاد رہے کہ 15 جون سے شروع ہونے والے یورپیئن چیمپیئن شپ (یورو) 2024 کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی 2 ٹیموں کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں نیدرلینڈز کو 1-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار یورو کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ اسپین اور انگلینڈ کے درمیان یورو 2024 کا فائنل اتوار (14جون) کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے جرمنی کے شہر برلن میں کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ نے یورو2024 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، سنسنی خیز سیمی فائنل

یورو کپ 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے نیدرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیدی۔ جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ میں کھیلے جانے والے یورو کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا، میچ کا فیصلہ کن گول کھیل کے آخری منٹ میں ہوا جس نے بازی پلٹ دی۔

میچ کے پہلے ہاف کے ساتویں منٹ میں نیدر لینڈ کے زاوی سائمن نے پہلا گول کیا جس کے بعد انگلینڈ کے کھلاڑی بدلہ اتارنے کیلئے بے چین دکھائی دیئے تاہم میچ کے 18ویں منٹ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے پینلٹی پر شاندار گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا، ہیری کین ناک آؤٹ گیمز میں مجموعی طور پر 6 گول کے ساتھ یورو کپ میں اب تک کے ٹاپ اسکورر ہیں۔

کھیل کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے گئے، تاہم کسی کو مزید کامیابی نہ مل سکی، یہی صورت حال دوسرے ہاف میں بھی رہی لیکن میچ کے آخری منٹ میں انگلینڈ کے اولی ویٹکنز نے دوسرا گول کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp