مخصوص نشستوں کے کیس کا مختصر فیصلہ سامنے آگیا جس کے مطابق عدالت نے 39 ارکان اسمبلی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا قرار دیا ہے جبکہ 41 ارکان اسمبلی کو 15 ورکنگ دنوں میں سیاسی جماعت سے وابستگی ظاہر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مختصر اکثریتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت تھی اور ہے تحریک انصاف نے عام انتخابات 2024 میں قومی و صوبائی اسمبلیوں سے نشستیں جیتیں، 27 جون کو الیکشن کمیشن کی جانب سے 80 اراکین قومی اسمبلی کی فہرست پیش کی، الیکشن کمیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی فہرست بھی مختصر عدالتی فیصلے کا حصہ ہیں۔
مزید پڑھیں: چیف جسٹس اقلیتی فیصلے کا حصہ، کیا ایسا پہلی بار ہوا ہے؟
فہرست کے مطابق ان 39 ارکان میں امجد علی خان، سلیم رحمان، سہیل سلطان، بشیر خان، جنید اکبر، اسد قیصر، شہرام ترکئی انور تاج، فضل محمد خان، ارباب عامر ایوب، شاندانہ گلزار کو پی ٹی آئی کے ارکان قرار دیا گیا ہے۔

اسامہ میلہ، شفقت اعوان، علی افضل ساہی، خرم شہزاد ورک، لطیف کھوسہ، رائے حسن نواز، عامر ڈوگر، زین قریشی، رانا فراز نون، صابر قریشی، اویس حیدر جھکڑ سمیت زرتاج گل کو بھی تحریک انصاف کا رکن قرار دیا گیا ہے۔

جبکہ آزاد ارکان قرار دیے گئے ارکان میں علی محمد خان، شہریار آفریدی، انیقہ مہدی، احسان اللہ ورک، بلال اعجاز، عمیر خان نیازی، ثناء اللہ خان مستی خیل شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جمع کرائی گئی فہرست کے مطابق 80 میں سے 39 کو پی ٹی آئی کے امیدوار ظاہر کیا گیا، الیکشن کمیشن نے اپنی فہرست میں 41 امیدوار وں کو آزاد ظاہر کیا، آزاد 41 امیدوار 15 ورکنگ دنوں میں سیاسی جماعت سے وابستگی ظاہر کریں اور پارٹی وابستگی ظاہر کرنے پر الیکشن کمیشن 7 دنوں میں سیاسی جماعت کو نوٹس جاری کرے، سیاسی جماعت الیکشن کمیشن کے نوٹس پر 15 ورکنگ دنوں میں امیدوار کی پارٹی سے وابستگی کی تصدیق کرے۔














