شاعر ’گیلامن وزیر‘ کی موت پر وزیرستان کا ہر گھر سوگوار کیوں ہے؟

جمعہ 12 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شمالی وزیرستان کے وزیر قبائل سے تعلق رکھنے والے نوجوان و انقلابی شاعر گیلامن وزیر کے قتل پر پورا وزیرستان سوگوار ہے۔ گیلامن وزیر کی جسد خاکی کو اسلام آباد سے وزیرستان منتقل کرتے ہوئے جگہ جگہ بڑی تعداد میں لوگ نکلے اور احتجاج کیا۔

سعید وزیر گیلامن وزیر کے قریبی دوست تھے جو اسپتال میں بھی تھے اور شمالی وزیرستان جنازے میں شریک بھی ہوئے۔ سعید وزیر نے بتایا کہ گیلامن وزیر کے واقعے پر پورا وزیرستان سوگوار ہے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: نامعلوم شرپسندوں نے گرلز اسکول کو بم سے اڑا دیا

‘ہر گھر میں سوگ ہے، ہر ایک کی آنکھ پرنم ہے، سب کو لگ رہا ہے ان کے بیٹے یا بھائی کی موت ہوئی ہے‘۔

سعید وزیر نے بتایا کہ گیلامن وزیر کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کر دی گئی ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

‘بہت بڑا جنازہ تھا، اس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ لوگ خفا تھے غمگین اور غصے میں تھے‘۔

گیلامن وزیر کون تھے؟

گیلامن وزیر کا تعلق قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے وزیر قبائل سے تھا، اور وہ شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی کارکن بھی تھے۔ ان کے قریبی دوست انہیں شاعر، سماجی و انسانی حقوق کا رکن، ہمدرد اور قبائل کا خیرخواہ قرار دے رہے ہیں۔

گیلامن وزیر کے قریبی دوست نیازبن کے مطابق گیلامن وزیر انقلابی شاعر تھے۔ وہ وزیرستان اور قبائل کے زخموں کو شاعری میں بیان کرتے تھے۔ وہ شعلہ بیان تھے اس وجہ سے لوگ انہیں بہت پسند کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ گیلامن وزیر قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن کے سخت خلاف تھے اور احتجاج اور دھروں میں پیش پیش ہوتے تھے، اور شاعری سناتے تھے۔ نیازبن کے مطابق 3 ماہ سے زائد عرصہ لاپتا بھی ہوئے تھے جو بعد میں گھر واپس آگئے تھے۔

کاروبار شروع کرنے کے لیے اسلام آباد آئے تھے

گیلامن وزیر کے دوست نیازبن نے بتایا کہ 7 جولائی کو اسلام آباد کے سیکٹر بی 17 میں ان پر حملہ ہوا تھا اور ڈنڈوں سے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، سر پر چوٹ آنے کی وجہ سے وہ جانبر نہیں ہوسکے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ گیلامن وزیر کچھ عرصہ عرب ملک میں رہے تھے، جبکہ اب پاکستان میں کاروبار کرنے پر غور کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے سے پہلے اسلام آباد میں ان کی ملاقات ہوئی تھی اور گیلامن نے بتایا تھا کہ وہ اسلام آباد کاروبار شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اسی لیے آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ، 3 جوان شہید

ان کا کہنا تھا کہ وہ کاروبار کرکے اہل خانہ کو بہتر زندگی دینے کا خواب لے کر اسلام آباد آئے تھے جو پورا نہ ہوا۔

گیلامن وزیر پر تشدد کب اور کس نے کیا؟

قبائلی شاعر گیلامن وزیر کو 7جولائی کو اسلام آباد میں ڈنڈا بردار افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ ان کے سر پر چوٹ لگنے سے حالت غیر ہوگئی اور 5دن وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جس کی ایف آئی آر اسلام آباد پولیس نے ان کی ساتھ موجود ساتھی کی مدعیت میں درج کی۔ ایف آئی آر میں وزیرستان سے ہی تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے کارکن کو نامزد کیا گیا ہے، جس کے ساتھ عید کے دنوں وزیرستان میں منہ ماری ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp