نیب ٹیم نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو گرفتار کرلیا

ہفتہ 13 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

‏نیب کے نئے توشہ خان ریفرنس میں بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کو گرفتار کرلیا گیا ہے، نیب کے ‏ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں ٹیم نےاڈیالہ جیل میں ہی گرفتاری ڈالی۔ نیب کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ بطور وزیر اعظم عمران خان نے تحائف کم قیمت پر حاصل کرکے مہنگے داموں فروخت کیے ہیں۔

عدت نکاح کیس میں بری ہونے کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم نے عمران خان کو اڈیالہ سے گرفتار کرلیا۔ نیب کی جانب سے توشہ خانہ میں نیا نیب ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق بطور وزیراعظم بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے توشہ خانہ سے تحائف حاصل کیے، اور کم قیمت میں حاصل کردہ تحائف مہنگے داموں فروخت کیے۔

مزید پڑھیں: عدت کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزائیں کالعدم، رہائی کا حکم

نیب انکوائری رپورٹ کے مطابق کیس 10قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے، گراف واچ ، رولیکس گھڑیاں، ہیرے اور سونے کے سیٹ کیس کا حصہ ہیں۔ تحفے قانون کے مطابق اپنی ملکیت میں لیے بغیر ہی بیچے جاتے رہے، گراف واچ کا قیمتی سیٹ بھی ’ریٹین‘ کیے بغیر ہی بیچ دیا گیا، پرائیویٹ تخمینہ ساز کی ملی بھگت سے گراف واچ کے خریدار کو فائدہ پہنچایا گیا۔

 رپورٹ کے مطابق تخمینہ ساز کا توشہ خانہ سے ای میل آنے سے پہلے ہی گھڑی کی قیمت 3 کروڑ کم لگانا ملی بھگت کا ثبوت ہے، گراف واچ کی قیمت 10 کروڑ 9لاکھ 20 ہزار روپے لگائی گئی، 20فیصد رقم ، 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے سرکاری خزانے کو دیے گئے، ہر تحفے کو پہلے رپورٹ کرنا اور توشہ خانہ میں جمع کروانا لازم ہے، اور صرف30 ہزار روپے تک کی مالیت کے تحائف مفت اپنے پاس رکھے جا سکتے ہیں۔

اس سے قبل نیب ٹیم گیٹ 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر داخل ہوئی، کارروائی مکمل کرنے کے بعد سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری  ڈالی گئی۔

جیل ذرائع کے مطابق سائفر کیس اور 9 مئی کے 5 کیسز کی روبکاریں جیل انتظامیہ کو موصول نہیں ہوئیں، جب تک 6 روبکاریں نہیں آجاتیں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی  کی فوری رہائی ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عدت میں نکاح کیس، کب کیا فیصلہ ہوا؟

واضح رہے آج اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے عدت نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی اپیلیں منظور کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp