عدت کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزائیں کالعدم، رہائی کا حکم

ہفتہ 13 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نےغیر شرعی نکاح کیس میں بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سزائیں کالعدم قرار دے دیں۔

ایڈیشنل سیشن جج  سیشن جج افضل مجوکا نے عدت میں نکاح کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو سنائی گئی 7، 7 سال قید کی سزا معطل کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دوران عدت نکاح کیس: خاور مانیکا نے اسلام آباد کی عدالت میں 2 درخواستیں دائر کردیں

عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے، عدالت نے دونوں کی رہائی کی روبکار جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ اگر وہ کسی اور کیس میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔

تحریری فیصلہ جاری

عدالت نے عدت میں نکاح کے کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بری کرنے کا تفصیلی فیصلہ بھی جاری کردیا ہے۔

تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ خاور مانیکا عمران خان اور بشریٰ بی بی پر یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ انہوں نے عدت کے دوران نکاح کیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ خاور مانیکا کے وکیل کے مطابق ان کو رجوع کے حق سے محروم رکھا گیا، جبکہ جرح کے دوران خاور مانیکا نے خود تسلیم کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کی خبر انہیں دوسرے روز ہی مل چکی تھی۔

تحریری فیصلے کے مطابق خاور مانیکا کو شکایت داخل کرنے کا خیال 6 سال بعد کیوں آیا؟

عدت میں کیس سزا کب ہوئی تھی؟

رواں برس فروری میں عمران خان اور ان کے اہلیہ کیخلاف عدت میں نکاح کے کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا گیا تھا۔

اسلام آباد کی سول عدالت کے جج قدرت اللہ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جرم ثابت ہونے پر 7،7 سال کی سزا سنائی تھی، عدالت نے مجرمان پر فی کس 5،5 لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:عدت میں نکاح کیس، کب کیا ہوا؟

تفصیلی فیصلہ 50 صفحات پر مشتمل تھا فیصلے میں قرار دیا گیا تھا کہ مدعا علیہان کو پی پی سی کی دفعہ 496 کے تحت جرم کا مرتکب پایا گیا اور سزا سنائی گئی ہے، اس کے نتیجے میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدت کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزائیں برقرار، درخواستیں مسترد

ان سزاؤں کیخلاف اسلام آباد کی ضلعی عدالت سے رجوع کیا گیا تھا تاہم گزشتہ ماہ جون میں دورانِ عدت نکاح کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے جرمانےسمیت 7 سال کی سزا برقرار رکھی تھی۔

یہ کیس کب شروع ہوا؟

25 نومبر 2023 کو بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے اسلام آباد کی سیشن کورٹ کے سول حج قدرت اللہ کی عدالت میں پیش ہو کر شکایت درج کرائی، درخواست 494/34 ، 496 سمیت دیگر دفعات کے تحت دائر کی گئی۔ خاور مانیکا نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو طلب کر کے سخت سزا سنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:عدت نکاح کیس میں اہم پیشرفت، خاور مانیکا کی درخواست مان لی گئی

سول عدالت میں جمع کروائے گئے خاور مانیکا کے تحریری بیان کے مطابق بشریٰ بی بی کی بہن مریم  نے اسلام آباد میں دھرنے کے دوران بشریٰ کا عمران خان سے تعارف کروایا تھا۔ خاور مانیکا نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ عمران خان ’پیری مریدی‘ کی غرض سے ان کے گھر داخل ہوئے اور ان کی غیر موجودگی میں گھر آتے رہے۔

ان کے مطابق اس وجہ سے ایک مرتبہ وہ عمران خان کو گھر سے بھی نکال چکے ہیں۔ انہوں نے دعوٰی کیا کہ عمران خان کے قریبی ساتھی اور سابق مشیر زلفی بخاری بھی عمران خان کے ساتھ ان کے گھر آتے رہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ٹیلیفون پر رابطہ رہتا تھا اور فون کی سِم بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی نے فراہم کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:دوران عدت نکاح کیس: خاور مانیکا نے عدالت میں فحش باتیں کیں، شبلی فراز

انہوں نے مزید کہا کہ اس صورت حال سے تنگ آ کر انہوں نے 14 نومبر2017 کو اپنی اہلیہ کو طلاق دے دی تھی۔ خاور مانیکا نے درخواست میں مؤقف اپنایا، ’دوران عدت نکاح کا معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد دونوں نے مفتی سعید کے ذریعے فروری 2018 میں دوبارہ نکاح کیا جوکہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 496/ 496 بی کے تحت سنگین جرم ہے۔‘

خاور مانیکا نے بیان میں کہا کہ وہ پہلے اس معاملے پر نہیں بولے کہ یہ گھر کی بات ہے لیکن باتیں منظر عام پر آنے کے بعد وہ قانونی چارہ جوئی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 11 دسمبر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف خاور مانیکا کی جانب سے دائر غیر شرعی نکاح کیس کو قابل سماعت قرار دیا تھا۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے دوران عدت نکاح کی خبر سب سے پہلے سینئر صحافی عمر چیمہ نے جنوری 2018 میں دی تھی۔ تاہم پی ٹی آئی نے اس خبر کی تردید کی تھی۔ بعدازاں فروری 2018 میں پی ٹی آئی کی جانب سے نکاح کی خبر جاری کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:دوران عدت نکاح کیس میں سزاؤں کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں قابل سماعت قرار

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 27 ستمبر 2018 کو بشریٰ بی بی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں عدت ختم ہونے سے قبل عمران خان سے شادی کرنے کی خبروں کی تردید کی تھی۔ بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ طلاق ہونے کے بعد انہوں نے نہ صرف عدت پوری کی بلکہ 7 ماہ بعد تحریک انصاف کے سربراہ سے نکاح کیا تھا۔

16 جنوری کی سماعت میں کیا ہوا؟

سینیئر سول جج قدرت اللہ نے 16 جنوری 2024 کو اس کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف فرد جرم پڑھ کر سنائی۔

اس دوران عمران خان کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ عمران خان نے چارج شیٹ پر دستخط کیے لیکن انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا۔ فرد جرم سناتے ہوئے عدالت نے بشریٰ بی بی بی کی غیرموجودگی پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ وکلا صفائی نے ان کی حاضری سے استثنا کی درخواست کی جو عدالت نے خارج کر دی۔

یہ بھی پڑھیں:عدت میں نکاح کا کیس ذلیل کرنے کے لیے بنایا گیا، ڈیل کی نہ کروں گا، عمران خان

جج نے استفسار کیا کہ عدالت نے بشریٰ بی بی کو آج طلب کیا تھا، وہ کس کی اجازت سے کمرہ عدالت سے چلی گئیں۔ عدالت نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ معلوم کریں کہ بشریٰ بی بی جیل میں کب داخل ہوئیں اور کب باہر گئیں۔ جیل انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی ساڑھے 11 بجے جیل میں آئیں اور پونے 2 بجے واپس روانہ ہوئیں۔

15 جنوری کو عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی غیر شرعی نکاح کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا تھا، بشریٰ بی بی کی درخواست پر 17 جنوری کو کیس فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو ارسال کردی گئی تھی۔

19 جنوری کو کیا ہوا؟

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کو بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت کے دوران نکاح کیس میں گواہان کے بیانات قلمبند کرنے سے روکتے ہوئے خاور مانیکا کو 25 جنوری کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:عدت میں نکاح کا کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7،7 سال کی سزا سنا دی گئی

بعد ازاں، اسی روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے سینئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں مقدمے کی سماعت کی جس میں وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم امتناع سے متعلق آگاہ کیا اور مختصر فیصلہ جمع کرایا۔ عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد کیس کی سماعت بغیر کارروائی 29 جنوری تک ملتوی کی تھی۔

25 جنوری کی سماعت میں کیا ہوا؟

دوسری جانب، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس کی شکایات خارج کرنے کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے کیس کے ٹرائل پر حکم امتناع میں 31 جنوری تک توسیع کی تھی۔

31 جنوری کو کیا ہوا؟

31 جنوری کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے درخواست گزار اور گواہوں کے بیانات پڑھ کر سنائے اور دلائل دیے کہ یہ کیس ان کے مؤکلان کی تذلیل کرنے کے لیے دائر کیا گیا اور سیاسی مقاصد کے لیے اسکینڈلائز کرنے کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:عدت کے دوران نکاح کا کیس: عمران خان اور خاور مانیکا میں تلخ کلامی، قرآن بیچ میں لانے کی نوبت

خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ اگر پہلا نکاح درست تھا تو پھر دوسرا نکاح کیوں کیا گیا؟ گواہوں نے ٹرائل کورٹ میں بیان دیا کہ وہ دوسرے نکاح میں بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ اگر کل ٹرائل چلنا ہے تو پھر یہ کیسے ثابت ہو گا کہ یہ 39 دن ہیں یا 90 دن۔ وکیل رضوان عباسی نے جواب دیا کہ یہ شوہر اور پراسیکیوشن ثابت کریں گے، اِس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کون سے شوہر، پہلے یا بعد والے؟ رضوان عباسی نے جواب دیا کہ جس کے ساتھ وہ 28 سال رہیں وہی بتائیں گے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ فرض کریں کہ آپ نے ثابت کر دیا تو پھر اس میں جرم کیا ہو گا۔ رضوان عباسی نے جواب دیا کہ اگر نکاح بےقاعدہ قرار پائے گا تو پھر وہ خلاف قانون ہو گا، یہ کہتے ہیں کہ اپریل 2017 میں خاور مانیکا نے زبانی طلاق دی جبکہ خاور مانیکا کے پاس اگست کے شمالی علاقوں کے ٹور کی تصاویر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عدت کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزائیں کالعدم، رہائی کا حکم

بعد ازاں، عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور 3فروری کو یہ فیصلہ سنایا کیا گیا۔ جس کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 7،7 سال کی سزا سنائی تھی، عدالت نے مجرمان پر فی کس 5،5 لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

ان سزاؤں کیخلاف ان سزاؤں کیخلاف اسلام آباد کی ضلعی عدالت سے رجوع کیا گیا تھا تاہم گزشتہ ماہ جون میں دورانِ عدت نکاح کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے جرمانےسمیت 7 سال کی سزا برقرار رکھی تھی۔

تاہم آج ایڈیشنل سیشن جج  سیشن جج افضل مجوکا نے عدت میں نکاح کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو سنائی گئی 7، 7 سال قید کی سزا معطل کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp