ڈی آئی جی اسلام آباد کی ٹی ایل پی مظاہرین کے ساتھ نعرہ بازی

اتوار 14 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی رضا نے پولیس اہلکاروں کی نفری کے ساتھ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے دھرنے کا دورہ کیا اور اس دوران وہ مظاہرین کے ساتھ گھل مل گئے۔ انہوں نے مظاہرین سے مکالمہ کیا کہ جو کچھ آپ کر رہے ہیں ٹھیک کر رہے ہیں، ہمیں بھی یہی کرنا چاہیے۔

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مظاہرین نے ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی رضا کے ساتھ سیلفیاں اور تصاویر بھی بنوائیں، ایک موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی رضا نے مظاہرین کے ساتھ مل کر ’لبیک یا رسول اللہ لبیک‘ کے نعرے بھی لگائے۔

مزید پڑھیں:لگتا ہے کہ دھرنا کمیشن کا واحد کام جنرل فیض حمید کو الزامات سے بری کرنا تھا، چیف جسٹس

واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کارکنوں نے فیض آباد کے مقام پر دھرنا دے رکھا ہے اور حکومت کو 3 مطالبات بھی پیش کیے ہیں۔ گزشتہ روز تحریک لبیک کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور اس کے لیے لیاقت باغ سے فیض آباد تک ریلی نکالی گئی، جس کے اختتام پر امیر ٹی ایل پی نے دھرنے کا اعلان کیا تھا۔

علامہ سعد رضوی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو سرکاری سطح پر دہشت گرد قرار دیا جائے اور اسرائیلی مصنوعات کا بھی سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے۔

مزید پڑھیں:فیض آباد دھرنا کیس: تحریک لبیک کو کلین چٹ مل گئی، الیکشن کمیشن نے نوٹس واپس لے لیا

سعد رضوی نے کہا کہ حکومت پاکستان فلسطین کے مظلوم عوام تک طبی اور غذائی امداد پہنچائے، ہم مطالبات کی منظوری تک یہیں پر بیٹھیں گے۔

تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان بڑی تعداد میں راولپنڈی اسلام آباد کے سنگم پر واقع فیض آباد کے مقام پر موجود ہیں۔ دھرنے کے باعث ٹریفک بلاک ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp