ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ، اسنائپر نے شوٹر کو دیکھنے کے باوجود گولی نہیں چلائی، اہم ویڈیو سامنے آگئی

پیر 15 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق امریکی صدر اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر ہفتے کے روز قاتلانہ حملہ ہوا، انتخابی ریلی کے دوران ٹرمپ کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا جب وہ اپنے حامیوں سے خطاب کررہے تھے۔

گولی سابق صدر کے دائیں کان کو چُھو کر گزر گئی جبکہ حملے میں 1 شخص ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی پر مامور اسنائپرز کی جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا لیکن اس سے حملے پر سوالات بھی اٹھائے جا رہےہیں۔

صارفین نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں حملہ آور کی جانب سے فائرنگ کیے جانے کے چند لمحوں بعد ہی سیکریٹ سروس اہلکاروں نے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ اس پر سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اسنائپر کے زاویے کو دیکھیں جس نے شوٹر کو پہلے ڈونلڈ ٹرمپ پر فائر کرنے کا موقع دیا اور پھر جوابی کارروائی کرتے ہوئے اس کومارا۔

ایک صارف نے سیکریٹ سروس اہلکار کی قابلیت پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ جب شوٹر نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر گولی چلائی تو کاؤنٹر اسنائپر پہلے تو جُھک گیا اور اپنی نظر مخصوص دائرے سے ہٹا دی پھر اس کے چند لمحوں بعد دوبارہ حرکت میں آکر شوٹنگ کی۔

جیمی نامی صارف لکھتے ہیں کہ جب حملہ آور کو دیکھ لیا گیا تھا تو ڈونلڈ ٹرمپ کو ریلی سے خطاب کرنے سے کیوں نہیں روکا گیا اور انہیں سیفٹی کور کیوں نہیں دیا گیا؟ صارف نے اسنائپر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے وقت میں کس طرح سابق صدر کے خطاب کو جاری رہنے دے سکتے تھے کیا اس کی کوئی منطق ہے؟

ایک صارف نے سوال کیا کہ کیا ایسا ممکن ہے کہ سیکرٹ سروس کے اسنائپر نے شوٹر کو دیکھا اور اس کی جانب سے ٹرمپ پر گولی مارنے کا انتظار کیا۔

ایک ایکس صارف لکھتے ہیں کہ ایک تربیت یافتہ اسنائپر جب کسی مشتبہ ٹارگٹ کو دیکھتا ہے تو کبھی بھی اپنی نظریں اس سے نہیں ہٹاتا لیکن ٹرمپ کی سیکیورٹی پر مامور اسنائپر نے اپنی نظریں مخصوص دائرے سے ہٹا دیں۔

ترکیہ کے ایک ایکس پیج کی جانب سے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس ویڈیو میں شواہد موجود ہیں کہ کیسے سیکرٹ سروس کے اسنائپر نے پہلے ہی حملہ آور پر نشانہ باندھ رکھا ہے لیکن پھر بھی اسے 5 فائر کرنے کا موقع دیا اور اس کے بعد ہی شوٹر کو مارا۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر پنسلوینیا کے شہر بٹلر میں ریلی کے دوران ہفتے کو ایک قاتلانہ حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص کی جان گئی اور سابق صدر ٹرمپ سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کرنے والا حملہ آور مارا گیا۔

سابق امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ پر گزشتہ روز کی جانے والی فائرنگ کا واقعہ پہلا نہیں اس سے قبل بھی متعدد امریکی صدور اور شخصیات پر اس طرح کے حملے ہوتے رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp