کسی سیاسی جماعت پر پابندی یا غداری کا مقدمہ چلانے کی باتیں فضول ہیں، فرحت اللہ بابر

پیر 15 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے یا کسی سیاسی رہنما پر غداری کا مقدمہ چلانے کی باتیں فضول، ناقابلِ برداشت اور سیاسی بحران میں اضافے کا باعث ہیں۔

فرحت اللہ بابر نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ امریکی جمہوریت اپنے موجودہ بحران کو برقرار رکھے گی۔ تاہم خبردار رہیں کہ پاکستانی جمہوریت، درحقیقت خود ریاست، خود ساختہ بحران کو برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتیں۔

حکومت کا پاکستان تحریک انصاف پر پابندی اور عمران خان پر آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فصیلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کرنے، پاکستان تحریک انصاف پر پابندی اور عمران خان پر آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک کو آگے جانا ہے تو تحریک انصاف اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ساتھ بہت کھلواڑ ہوچکا، اب کہنا چاہتے ہیں کہ ’نومور۔‘ ہم اس ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے ہم سمجھتے ہیں کہ کہ اگر اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو پھر تحریک انصاف اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

مزید پڑھیں:35 اراکین قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی سے وابستگی کے حلف نامے جمع کرادیے

حکومت پابندی لگانے کی آخری کوشش بھی کرکے دیکھ لے، پاکستان تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کی جانب سے پابندی لگائے جانے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی آخری کوشش بھی کرکے دیکھ لے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے میں اس کا حق دیا جس پر حکومت مایوسی میں ایسے اقدامات پر اتر آئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp