پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے کوئٹہ سے سعودی عرب براہ راست خصوصی پروازوں کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے ڈائریکٹ سعودی عرب فلائٹ چلانے کے حوالے سے کوششیں رنگ لے آئیں، پی آئی اے کی جانب سے اگست سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے کوئٹہ سے جدہ براہ راست 2 پروازیں شروع کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی آئی اے نے عمرہ پر جانے والوں کو خوشخبری سنا دی
پی آئی اے کے اس اقدام سے پورے صوبے کےعوام کو سعودی عرب جانے سے پہلے اسلام آباد، کراچی یا لاہور وغیرہ جانے کی مجبوری سے چھٹکارا حاصل ہوجائے گا۔
پی آئی اے کے بلوچستان میں جنرل منیجر عبدالغفار کے مطابق کوئٹہ ٹو جدہ براہ راست پروازیں 6 اگست سے شروع ہو جائیں گی، پروازیں ہر منگل اور جمعے کے دن کوئٹہ سے سعودی عرب کے شہر جدہ ڈائریکٹ آپریٹ کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی آئی اے نے متحدہ عرب امارات کے لیے اپنا فضائی آپریشن کیوں معطل کیا؟
یاد رہے کہ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر ون ٹو ون ملاقات کے دوران عوام کے اس مطالبے کو ان کے سامنے رکھا تھا۔
گورنر بلوچستان کی درخواست پر وزیراعظم شہباز کی جانب سے انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو عنقریب کوئٹہ ٹو سعودی عرب عمرہ فلائٹ شروع کرنے کی خوشخبری سنائیں گے۔