ایمرجنسی یا مارشل لا لگنے سے کیا لوگوں کی زبان بند ہوجائے گی؟ شیخ وقاص اکرم

جمعرات 18 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے  رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ملک میں ٹکراؤ کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے، ایمرجنسی سے خائف نہیں، کیا ’ایمرجنسی یا مارشل لا لگنے سے لوگوں کی زبان بند ہوجائے گی؟

جمعرات کو پی ٹی آئی کی پارلیمانی واک کے دوران وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پنجاب کے اندر ایم این ایز پر بھوگس اور جعلی مقدمات بنا کر انہیں اٹھا لیا جاتا ہے، انہیں بغیر کسی ایف آئی آر کے پہلے اٹھا لیا جاتا ہے اور پھر ایف آئی آر کاٹی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی احتجاجی ریلیاں، دفعہ 144 کیخلاف ورزی پر شیخ وقاص سمیت درجنوں کارکنان پر مقدمات قائم

انہوں نے کہا کہ اس وقت خوف وہراس پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، کئی ایم این ایز کے عزیزواقارب کو تنگ کیا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے ساتھ ٹکراؤ کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے اور انارکی پھیلانا چاہتی ہے۔ اگر اس طرح کے اقدامات کیے جائیں گے اور ایم این ایز کو ناجائز تنگ کیا جائے گا تو اس سے ملک میں تقسیم ہی پیدا ہو گی۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ جو ایم این ایز پولیس کی تحویل میں ہیں ان سے رابطے میں ہیں، ایم این ایز کو ہراساں اور اغوا کرنے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان جارہے ہیں اور جن کارکنوں کو اغوا کر کے حراست میں لیا گیا تھا ان کے مقدمات پہلے سے ہی عدالتوں میں چل رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: شیخ وقاص اکرم اپنی چیئرمین پی اے سی نامزدگی سے بے خبر نکلے

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ ایم این ایز کو پیسوں کی پیش کش سے متعلق علم نہیں تاہم جو کوئی عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، کیا اسے خریدا جا سکتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ لوگ پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بننے اور تقسیم ہونے کی بات کر رہے تھے، بعض اینکرز نے بھی اپنے پروگرام بیچنے کے لیے ڈرامے کیے ہیں۔ ہم انہیں بتانا چاہا رہے ہیں کہ 41 ایم این ایز میں سے 37 کے کاغذات جمع ہو چکے ہیں، 3 کے دبئی سے آ رہے ہیں، پی ٹی آئی میں کوئی فارروڈ بلاک بنا نہ ہی کوئی تقسیم ہوئی۔

ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی مخالفت سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صبح عطا اللہ تارڑ پریس کانفرنس کرتے ہیں اور شام کو نوٹیفکیشن ہو جاتا ہے، ذوالفقار علی بھٹو کا فیصلہ بھی ایک ایڈہاک جج نے سنایا تھا۔

ایڈہاک ججز کی مخالفت تو کریں گے ہی کیوں کہ ایک جانب آرٹیکل 6 لگانے کی بات کر رہے ہیں اور دوسری جانب ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہیں، ہمیں بے وقوف نہ سمجھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کا مشترکہ اجلاس جاری، کن امور پر مشاورت ہورہی ہے؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس سب کا مقصد پاکستان تحریک انصاف کو خرا ب کرنا ہے، ایمرجنسی کے نفاذ کی اطلاعات پر ان کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی پہلی بار ہو گا، کیا ایمرجنسی لگنے سے عوام ’گونگے‘ ہو جائیں گے، پرویز مشرف نے بھی لگائی تھی، ملک میں ایمرجنسی اور مارشل لا بھی لگتے رہے ہیں تو کیا سیاسی قوتیں خاموش رہی ہیں؟

پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جوا ب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے تو انہیں چیلنج کیا ہے کہ پابندی لگانی ہے تو آ جائیں، ہم تیار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp