ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ: پاک بھارت ٹیمیں آج مدِ مقابل ہوں گی

جمعہ 19 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کا آغاز آج سری لنکا میں ہوگا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ یو اے ای اور نیپال کے مابین ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

ایشین کرکٹ کونسل کے زیراہتمام ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کا افتتاحی میچ سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا جس میں نیپال اور یو اے ای کی ویمنز ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی، دوسرا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔

مزید پڑھیں:بابراعظم، محمد رضوان کی کپتانی میں کھیلنے پر آمادہ؟

گزشتہ روز ایشیا کپ ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی تھی۔ فوٹو سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے شاندار ڈانس بھی کیا۔ گرین شرٹس نے دمبولا میں پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں خوب جان ماری۔

قومی ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف کھیلنا اچھا تجربہ ہوتا ہے، میدان میں مثبت سوچ کے ساتھ اتریں گے، کھلاڑیوں نے کراچی ٹریننگ کیمپ میں سخت محنت کی ہے، ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے بھارت کے خلاف جیت کا موقع ضائع نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں:شاہین شاہ آفریدی جلد باپ بننے والے ہیں، کوچ گلیسپی نے مزید کیا بتایا؟

بھارتی ویمن ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کا کہنا ہے کہ باہمی سیریز کا ہونا یا نہ ہونا میرے ہاتھ میں نہیں، ہم ہمیشہ پاکستان کے خلاف کھیل کر انجوائے کرتے ہیں، ہم ہر ٹیم کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور آج بھی اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اے سی سی ویمنز ٹی20 ایشیا کپ میں روایتی حریف انڈیا کا مقابلہ کرنے کے لیے پراعتماد دکھائی دیتی ہے۔ 8 ٹیموں کا ٹورنامنٹ سری لنکا کے شہر دمبولا کے رانگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:کرکٹ بورڈ کا کردار ہمیشہ باپ کا ہونا چاہیے، شاہد آفریدی

گروپ اے میں پاکستان، انڈیا، نیپال اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلا دیش، ملائیشیا ، تھائی لینڈ اور میزبان سری لنکا شامل ہیں۔ ہر گروپ سے 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، ایشیا کپ کا فائنل 28 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان کا اسکواڈ:

ندا ڈار (کپتان) ، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:بھارت نے ٹی20 فارمیٹ کے لیے نئے کپتان کا اعلان کردیا

پاکستان کے گروپ میچز:

19 جولائی: بمقابلہ انڈیا۔ (پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے)
21 جولائی: بمقابلہ نیپال (پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے)
23 جولائی: بمقابلہ متحدہ عرب امارات (پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے)

واضح رہے کہ اکتوبر 2022 میں بنگلا دیش کے شہر سلہٹ میں منعقدہ اے سی سی ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کے آخری ایڈیشن میں پاکستان ٹاپ 4 ٹیموں میں شامل تھی۔ اسے سیمی فائنل میں سری لنکا کے خلاف سخت مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp