شوہر سے صلح کی خبر کے بعد عائشہ جہانزیب کا نیا بیان سامنے آگیا

جمعہ 19 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گھریلو تشدد کی شکار ٹی وی میزبان عائشہ جہانزیب نے شوہر سے خلع کے لیے عدالت جانے کا اعلان کردیا۔

جیو نیوز کے مطابق، عائشہ جہانزیب نے شوہر سے صلح کی خبروں کی تردید کردی ہے اور کہا ہے کہ اپنے بچوں کو عدالتوں کے چکر نہیں لگوانا چاہتی، پیر کو عدالت میں خلع فائل کروں گی۔ عائشہ جہانزیب نے کہا ہے کہ بچے ان ہی کے پاس رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی عائشہ جہانزیب کی شوہر سے صلح

خیال رہے کہ عائشہ جہانزیب نے آج وکیل کے ہمراہ لاہور کی سیشن عدالت میں پیش ہوکر بیان قلمبند کروایا تھا کہ ان کا شوہر حارث علی سے درمیان راضی نامہ ہوگیا ہے۔

دوران سماعت جج نے عائشہ جہانزیب سے استفسار کیا کہ کیا آپ اپنی مرضی سے صلح کررہی ہیں، جواب میں عائشہ جہانزیب نے مؤقف اختیار کہ جو بھی ہوا، بہت ظلم ہے جو کسی عورت کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے، لیکن معززین نے جو بھی فیصلہ کیا، میں اس کو مانتی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: میرا شوہر تنگ نظر انسان ہے، عائشہ جہانزیب نے خود پر تشدد کی وجہ بیان کردی

عائشہ جہانزیب نے عدالت میں بیان دیا۔ ’میں کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتی، گواہان کی موجودگی میں یہ فیصلہ ہوا ہے۔‘

عدالت نے عائشہ جہانزیب کا مؤقف قبول کرتے ہوئے ملزم حارث کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

واضح رہے کہ 10 جولائی کو عائشہ جہانزیب نے اپنے شوہر حارث کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج کروایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عائشہ جہانزیب پر شوہر کا تشدد، اہم شخصیات، سوشل میڈیا صارفین کیا کہتے ہیں؟

مقدمے میں عائشہ جہانزیب نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے شوہر نے ان کو 3 سے 4 مرتبہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ زخمی ہوئی، شوہر نے کنپٹی پر پستول رکھ کر دھمکیاں دیں اور وقوعہ کے روز میرے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

لاہور کینٹ کچہری عدالت نے ملزم حارث علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ عائشہ جہانزیب نے اپنے ویڈیو بیان میں بھی بتایا تھا کہ ان کے شوہر نے ان پر تشدد کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp