سینیئر پاکستانی اداکار نعمان اعجاز نے ایشیا کے امیر ترین، بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی پر تنقید کرنے والے صارفین کو کہا ہے کہ لوگ اس کی شادی پر تنقید کرنا چھوڑ دیں اور دعا کریں کہ وہ بھی ایک دن اتنے امیر ہوجائیں کہ ایسی شادی کرسکیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سینیئر اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ لوگ امبانیز کی شادی پر تنقید کیوں کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اننت امبانی کی شادی میں کن پاکستانی ڈیزائنرز کے چرچے رہے؟
’خوشی ان کی، پیسا ان کا، لطف ان کا، ہم کیوں اتنے دور بیٹھے ان کی شادی اور دولت پر تنقید کررہے ہیں، ان کو اپنے پیسے اور شادی سے لطف اندوز ہونے دیں، آپ کا ان سے کیا تعلق ہے۔‘
نعمان اعجاز نے کہا کہ اگر آپ ان کو خوش دیکھنا پسند نہیں کرتے تو ان پر تنقید کرنے کے بجائے خاموش رہیں اور دعا کریں کہ ’اللہ آپ کو بھی اس قابل بنائے کہ امبانیز کی طرح شادی کرسکیں‘
یہ بھی پڑھیں : اننت امبانی کے بعد ایک اور ارب پتی کی شادی کے چرچے
واضح رہے کہ 12 جولائی کو دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل بھارتی صنعت کار مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی رادھیکا مرچنٹ سے شادی ہوئی تھی۔
شادی کی تقریبات کئی ماہ سے جاری تھیں اور تمام تقریبات 12 جولائی کی شب اس وقت اختتام پذیر ہوئیں جب جوڑے نے ہندو رسومات کے تحت شادی کرلی۔
یہ بھی پڑھیں :ویرات کوہلی اننت امبانی کی شادی میں کیوں نہیں آئے؟
اگرچہ دونوں 12 جولائی کو رشتہ ازدواج میں بندھ گئے، جس کے بعد اب پوسٹ ویڈنگ تقریبات بھی ہونے کا امکان ہے۔