ویرات کوہلی اننت امبانی کی شادی میں کیوں نہیں آئے؟

پیر 4 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انڈیا کے امیر شخص مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی میں کئی نامور بالی وڈ ستاروں کے علاوہ سچن ٹنڈولکر، ہاردک پانڈیا، ظہیر خان، اور سوریہ کمار یادیو سمیت کئی ہندوستانی کرکٹ ستارے بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ تہوار میں شریک ہوئے۔ اس تقریب میں افغانستان کے راشد خان اور ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران اور کیرون پولارڈ جیسے غیر ملکی کرکٹ اسٹارز کی موجودگی بھی دیکھی گئی، لیکن بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کے بارے میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں اور صارفین تذبذب کا شکار ہو گئے کہ آخر وہ اننت امبانی کی شادی میں شریک کیوں نہ ہوئے؟

 سابق بھارتی کپتان کی عدم موجودگی نے افواہوں کو جنم دیا۔ کیونکہ ویرات کوہلی اور مکیش امبانی کے درمیان بہت ہی خوشگوار تعلقات ہیں۔ یہاں تک کہ نیتا امبانی اور ان کے بیٹے آکاش نے 2017 میں ممبئی میں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی میں شرکت کی تھی۔

اننت امبانی کی پری ویڈنگ سیلبریشن سے قبل سپر اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کی بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی تھی جس میں صارفین کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ یہ جوڑی شادی کی پُر وقار تقریب میں شرکت کے لیے بھارتی شہر جام نگر جا رہے ہیں لیکن بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ زیر بحث ویڈیو جون 2022 کی ہے اور وہ شادی میں شرکت نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے 15 فروری کو اپنے دوسرے بچے اکائے کا خیرمقدم کیا، تب سے وہ لندن میں مقیم ہیں، ویرات کوہلی نے ذاتی وجوہات کی بناء پر بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز سے دستبرداری اختیار کر لی۔

یاد رہے کہ اننت اور رادھیکا کی پری ویڈنگ تقریبات کا آغاز یکم مارچ کو ہوا تھا۔ تین روزہ شاندار تقریبات میں عالمی طور پر بااثر کئی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp