ریسکیو ایئر ایمبولینس کی آزمائشی سروس، مریضہ کی میانوالی سے راولپنڈی اسپتال میں کامیاب منتقلی

اتوار 21 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریسکیو ایئرایمبولینس سے مریض کی کامیاب منتقلی عمل میں لائی گئی، چھت سے گر کر مفلوج ہونے والی مریضہ حلیمہ بی بی کو میانوالی سے راولپنڈی منتقل کیا گیا، میانوالی کی 40سالہ حلیمہ بی بی 2روز قبل چھت سے گرکرمفلوج ہوگئی تھی۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر حلیمہ بی بی کو’گولڈن آور‘ میں میانوالی سے راولپنڈی کامیابی سے منتقل کیا گیا، ڈاکٹر راضون نصیر نے آپریشن کی نگرانی کی۔ حلیمہ بی بی کی جان بچانے کے لیے میانوالی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے سرجن نے حلیمہ بی بی کے علاج کے لیے راولپنڈی ریفر کیا تھا۔

عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کر لیا ہے، مریم نواز شریف

اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ہدایت کے مطابق پنجاب کی عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کرلیا گیا ہے، میانوالی میں چھت سے گرنے والی خاتون کو راولپنڈی اسپتال پہنچایا گیا، پنجاب بھر میں باقاعدہ طور پر ایئر ایمبولینس نے کام شروع کردیا ہےٟ۔

آزمائشی سروس تھی باقاعدہ افتتاح جلد ہوگا، ریسکیو

ترجمان ریسکیو کے مطابق میانوالی میں ائیر ایمبولینس کی پہلی لینڈنگ ہوئی جس میں خاتون مریضہ کو ریسکیو کیا گیا، یہ ٹرائیل بیس آزمائشی سروس تھی، ایئر ایمبولینس کا باقاعدہ افتتاح جلد کیا جائے گا۔

مریم نواز رحمت کا فرشتہ ثابت ہوئی ہیں، اہل خانہ حلیمہ بی بی

حلیمہ بی بی کے اہل خانہ نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا بہت بہت شکریہ، وہ ہماری لیے رحمت کا فرشتہ ثابت ہوئی ہیں، مریم نوازشریف کا کہنا تھا بہترین اور بروقت علاج پنجاب کے ہر شری کا حق ہے، ضرور دیا جائے گا۔

ناممکن سمجھے جانے والے وعدے مکمل ہوتے نظر آئیں گے، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا جو 76سال میں نہیں ہوسکا ہم نے4 مہینے سے بھی کم وقت میں ممکن کردیا، اسکو خدمت کہتے ہیں جو مریم نواز کے ہر وعدے کی تکمیل میں عوام دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر منصوبہ ریکارڈ وقت میں پورا ہوگا، ناممکن سمجھے جانے والے وعدے مکمل ہوتے ہوئے نظر آئیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp