پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن گرفتار، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر گھر پہنچ گئے

پیر 22 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپہ مارتے ہوئے پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو ملک مخالف پروپیگنڈا چلانے کے الزام میں گرفتارکر لیا ہے جبکہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہرخان کی گرفتاری کی اطلاعات کو مسترد کر دیا ہے۔

پیر کو ابتدائی اطلاعات میں پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے پارٹی سیکرٹریٹ پر چھاپہ مارتے ہوئے چیئرمین بیرسٹر گوہرخان اور سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد پولیس نے بیرسٹر گوہر خان کو ان کے گھر چھوڑ دیا ہے اور انہیں کسی جرم میں گرفتار نہیں کیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے بیرسٹرگوہررؤف حسن کے ساتھ گاڑی میں گئے تھے، انہیں گرفتار کیا گیا تھا نہ ہی ان کی گرفتاری مطلوب تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: پی ٹی آئی کا مرکزی دفتر ایک بار پھر سیل

ادھراسلام آباد پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پر چھاپہ شواہد کی بنیاد پر مارا گیا، پی ٹی آئی کا ڈیجیٹل میڈیا مرکز انٹرنیشنل ڈس انفارمیشن کا گڑھ بنا ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملک دشمن ایجنسیوں کے ساتھ مل کر پوری دُنیا میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا یہاں سے کروایا جاتا تھا، پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ڈیجیٹل میڈیا مرکز سے پاکستان مخالف اورملکی سالمیت کے خلاف بھی پروپیگنڈاچلایا جاتا تھا اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس پروپیگنڈے میں برائے راست ملوث لوگوں کو آلات سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔

ادھر پی ٹی آئی کے دعویٰ کے مطابق پولیس نے سیکرٹریٹ میں موجود تمام ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا ہے اور دفتر کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ بیرسٹرگوہراورسیکریٹری اطلاعات رؤف حسن سیکرٹریٹ میں موجود تھے جبکہ ویمن پولیس بھی تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ کے باہرموجود ہے۔  تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے بیرسٹر گوہر خان کو گرفتار نہیں کیا تاہم وہاں موجود پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری نے سیکرٹریٹ کو گھیرے میں لے لیا اور پی ٹی آئی سیکرٹریٹ جانے والے تمام راستوں کو بھی بند کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ڈاٹ کام ‘ پرایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسلام آباد پولیس پی ٹی آئی کو ٹارگٹ کرنے میں مصروف ہے۔

مزید پڑھیں اسلام آباد: پی ٹی آئی کا مرکزی دفتر ایک بار پھر سیل

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے 24 مئی 2024 کو بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مارکر اسے سیل کردیا تھا، اس دوران اسلام آباد کے سیکٹر G-8/4 میں واقع پارٹی کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مارا گیا اور اسے سیل کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل 31 جنوری 2024 کو پہلی بار اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ سیل کردیا تھا، تھانہ کراچی کمپنی کے پولیس اہلکاروں نے مرکزی دفتر جانے والے راستے بند کردیے تھے اور دفتر کے اطراف بھاری نفری تعینات کردی گئی تھی۔

پیر کو یہ تیسری بار ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دفتر پر اسلام آباد پولیس نے چھاپہ مارا اور مرکزی دفتر کے باہر بھاری تعداد میں پولیس دستے تعینات کر دیے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے تیسری مرتبہ دفتر پر چھاپے اور پی ٹی آئی قائدین کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp