کویت میں شادی ٹوٹنے کا ایک تاریخی واقعہ اس وقت پیش آیا جب نکاح مکمل ہونے کے صرف 3 منٹ بعد ہی دلہن نے دولہا سے طلاق لے لی، یہ دُنیا کی تاریخ کی مختصر ترین شادی کہلائی، جس کا نکاح بھی ایک جج کے سامنے ہوا اور طلاق کا فیصلہ بھی اسی جج نے سنایا۔
یہ بھی پڑھیں: ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے میں طلاق کی خبریں، اصل معاملہ کیا ہے؟
کویت میں 2019 میں ہونے والی ایک انوکھی شادی کا واقعہ 5 سالوں بعد ان دنوں پھر سوشل میڈیا پر وائرل اور موضوع بحث ہے، جس میں ایک جوڑے نے شادی کے بندھن میں بندھ جانے کے محض 3 منٹ بعد ہی ایک دوسرے سے علحیدگی اختیار کر لی اور یوں یہ شادی دُنیا کی تاریخ کی مختصر ترین شادی قرار پائی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ مختصر ترین شادی کا یہ واقعہ کچھ یوں پیش آیا کہ ’جب یہ جوڑا عدالت میں نکاح کی تقریب مکمل ہونے کے بعد جج کے سامنے سے واپس مڑا ہی تھا کہ احاطہ عدالت میں دلہن اچانک گر گئی اور دولہا نے اس کے گرنے پر اسے ’احمق‘ کہہ کر توہین کر دی۔
مزید پڑھیں: کرن راؤ نے بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان سے طلاق کیوں لی؟
دولہا کی جانب سے اس بے عزتی پر دلہن ناراض ہو گئی اور فوراً عدالت میں ہی جج کے سامنے پیش ہو کر مطالبہ کر دیا کہ وہ فوری طور پر ان کی شادی منسوخ کر دے۔ جج نے بھی فوری رضامندی ظاہر کر دی اور یوں شادی کے محض 3 منٹ کے اندر ہی اس جوڑے کی باضابطہ طلاق کا فیصلہ سنا دیا گیا۔
اس واقعے نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ‘ پر ایک صارف نے اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ میں ایک شادی میں گیا جہاں دولہا نے اپنی ساری تقریر ہی اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہوئے گزار دی۔
یہ بھی پڑھیں: طلاق یافتہ والدین کے بچوں کو کن قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟
اس لیے خاتون کو اپنے خاوند کی جانب سے محض گرنے پر ’احمق‘ کہنے پر وہی کرنا چاہیے تھا جو اس عورت نے کیا ہے‘۔ ایک اور صارف نے اپنے تبصرہ میں کہا کہ ’بغیر کسی احترام کے شادی شروع سے ہی ناکام ہوتی ہے‘۔ دوسرے صارفین نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’دلہن کے لیے بہتر ہے کہ وہ جلد ہی توہین آمیز رشتہ چھوڑ دے‘۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب یہی غیر معمولی طور پر مختصر شادی خبروں کی زینت بنی ہو۔ سنہ 2004 میں برطانیہ میں بھی ایک جوڑے نے اپنی شادی کے صرف 90 منٹ بعد طلاق لے لی تھی۔ اسکاٹ میک کی اور وکٹوریہ اینڈرسن کی شادی گریٹر مانچسٹر میں اسٹاک پورٹ رجسٹر آفس میں حلف کے فوراً بعد ختم ہوگئی تھی۔
اس جوڑے کے درمیان تنازع اس وقت شروع ہوا جب اسکاٹ میک نے دلہنوں کو ان کے استقبالیہ میں مذاق بنایا، جس سے وکٹوریہ ناراض ہوگئی۔ وکٹوریہ نے اسکاٹ میک کے سر پر ایش ٹرے سے وار کرکے اپنی ناراضی اور رد عمل کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: طلاق کی بڑھتی شرح: سعدیہ فیصل نے خواتین کو ذمہ دار ٹھہرادیا
اس شادی میں صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب پولیس کو بلایا گیا اور اسکاٹ میک نے ایک افسر کے سر پر اور دوسرے کے چہرے پر وار کیا۔ انہوں نے رات جیل میں گزاری جبکہ وکٹوریہ نے کورفو میں اپنا ہنی مون منسوخ کرکے اپنی فوری طلاق کا جشن منایا۔
واضح رہے کہ یہ کہانیاں اور خبریں اس بات کا غماز ہیں کہ جب کسی بھی رشتے میں احترام اور برداشت ختم ہو جائے تو تعلقات بھی اتنی ہی تیزی سے ختم ہو جاتے ہیں۔ ان واقعات کی وائرل نوعیت یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ شادیوں میں اس طرح کے انتہائی اور اچانک فیصلوں پر معاشرے کے افراد کس طرح اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہیں۔