گرفتاریوں، چھاپوں اور قیادت و کارکنوں کے خلاف مقدمات پر تحریک انصاف کے ارکان آج احتجاج کے طور پر علامتی بھوک ہڑتال کریں گے۔ بھوک ہڑتالی کیمپ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دوپہر 3 بجے لگایا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بھوک ہڑتالی کیمپ کی قیادت قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کریں گے۔ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں حکومتی انتقامی کارروائیوں کے خلاف ردعمل بھی دیا جائے گا۔ چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اسد قیصر اور زرتاج گل سمیت دیگر ارکان بھوک ہڑتال کریں گے۔
مزید پڑھیں:وارنٹ گرفتاری جاری، ایجنسیاں مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہیں، عمر ایوب
علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ دوپہر 3 بجے سے شام 7 بجے تک جاری رہے گا۔ ارکان پارلیمان کو پارٹی وفاداریاں نہ بدلنے پر مقدمات کی دھمکیوں کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔ بانی چئیرمین اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔
بانی پارٹی چئیرمین خود بھی بھوک ہڑتال کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے پر بھوک ہڑتال کا دائرہ کار وسیع کردیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، ان کے گھروں پر چھاپے اور چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔ ارکان کو خریدنے کے وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔