ایکس سروس مین سوسائٹی نے ملک میں دہشتگردی کی حالیہ لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزم استحکام کے خلاف خیبرپختونخوا اسمبلی سے قرارداد کی منظوری افسوسناک ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہاکہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، عملی دہشتگردی اور ڈیجیٹل دہشتگردی کے درمیان گٹھ جوڑ ہے۔
یہ بھی پڑھیں ایکس سروس مین سوسائٹی نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے اہم مطالبات کردیے
انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن تو اب بھی چل رہے ہیں، ہم بھارت کے بعد ایک اور مخالف پڑوسی ملک کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہاکہ بنوں واقعے پر شرپسندوں نے بے بنیاد پروپیگنڈا کیا، دہشتگردوں کی دراندازی اس وقت ختم ہوگی جب افغانستان کی طرف سے روکا جائے گا۔
عبدالقیوم نے کہاکہ 2024 میں ہمارے شہدا کی تعداد 575 ہے، دشمن کے ایجنٹ ملک میں فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ امریکا افغانستان سے چلا گیا لیکن وہاں اسلحہ اور کالعدم تنظیمیں چھوڑ گیا، ٹی ٹی کی پاکستان میں کوئی مقبولیت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں ایکس سروس مین سوسائٹی کی فوجی قیادت پر لگائے گئے نامناسب اور بے بنیاد الزامات کی مذمت
صدر ایکس سروس مین سوسائٹی نے کہاکہ سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر پاکستان کے لیے سوچنا چاہیے، مشکلات بہت ہیں لیکن ان سے نکلنے کا سوچنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہاکہ بارڈر مینجمنٹ اور سفارتکاری کے ذریعے دہشتگردی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔