نامور پاکستانی ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کہتے ہیں کہ خواتین ان سے انتہائی ’عقیدت اور محبت‘ سے ملتی ہیں، ان سے ملنے رات 3 بجے بھی کہیں جاسکتے ہیں کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔
پہلی مرتبہ اپنے متنازعہ بیان کے بجائے اپنے ساتھ پیش آنیوالی قدرے مختلف نوعیت کی ایک ڈکیتی کی واردات کی جزیات کے باعث خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، کیونکہ انہیں صبح 4 بجے ملنے کے لیے ایک لڑکی نے فون کرکے بلایا تھا، جسے بعد میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لڑکی سے ملنے رات کو کیوں گئے، خلیل الرحمان قمر نے دلچسپ وجہ بتادی
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور پولیس کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران خلیل الرحمان قمر سے صبح 4 بجے خاتون سے ملاقات کی بابت سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں ڈاکٹروں نے 5 سال کے لیے دھوپ میں نکلنے سے منع کیا ہے، اور اگر ایسا نہ بھی ہوتا تو بھی ان کے شعبے میں رات میں ملاقاتیں معمول ہے جس میں صنف کی تمیز روا نہیں رکھی جاتی۔
’۔۔۔میں دسیوں دفعہ آدھی رات کو مردوں سے ملا ہوں تو کیا یہ تنظیم سازی تھی؟ میں 4 بج کر 40 منٹ پر جب صادق کا وقت تھا جب ملا۔‘
پریس کانفرنس کے بعد اپنی گاڑی میں بیٹھنے سے قبل خلیل الرحمان قمرسے صحافیوں نے ایک بار پھر مذکورہ واردات اور کسی خاتون سے رات گئے ملنے سے متعلق سوال کیا، جس برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خواتین ان سے انتہائی ’عقیدت اور محبت‘ سے ملتی ہیں، وومن اور نان وومن میں فرق ہوتا ہے، یہ وہ خواتین نہیں ہیں۔
مزید پڑھیں: خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والی خاتون آمنہ عروج کون ہے؟
خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ وہ فیمنزم کیخلاف جنگ میں اپنی زندگی کے ساڑھے 3 سال دے چکے ہیں اور اس محاذ پر زندگی کی آخری سانس تک لڑتے رہیں گے، خاتون سے صبح 4 بجے ملنے جانے کے سوال پر انہوں نے قسم اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ 3 بجے بھی ملنے جائیں گے کیونکہ انہیں کہیں بھی جانے کا حق حاصل ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل لاہور میں خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ڈکیتی اور اغوا کا واقعہ پیش آیا تھا جس پر لاہور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں: خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والی خاتون آمنہ عروج کون ہے؟
ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ آمنہ نے خلیل الرحمان قمرکو فون کرکے بلایا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہے، وہ خاتون کے گھر پہنچے جہاں مسلح افراد نے انہیں اغوا کرلیا، ملزمان نے خلیل الرحمان قمر پر تشددکیا، موبائل،گھڑی اور نقدی بھی چھین لی اور اے ٹی ایم کارڈ سے ڈھائی لاکھ روپے بھی ٹرانسفر کروائے۔
ایف آئی آر کے مطابق بعدازاں ملزمان خلیل الرحمان قمر کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر انہیں ویران جگہ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے زیراستعمال گاڑ ی بھی برآمد کر لی گئی ہے اور ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش جاری ہے،گرفتار ملزمان میں ٹریپ کرنے والی خاتون بھی شامل ہے۔