پاکستان میں پہلی بار ہاکی لیگ، حکومت نے اعلان کردیا

بدھ 24 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کہا کہ اگلے چند ماہ میں ہمارے نوجوان کھیلوں، تعلیم، آئی ٹی اور ٹیکنیکل تعلیم کے میدان میں ترقی کرتے نظر آئیں گے، شہباز شریف کی کوششوں سے پاکستان میں ہاکی لیگ کروانے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے بدھ کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک میں پہلی مرتبہ ہاکی لیگ کرانے جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے دور میں سی پیک منصوبے کو تباہی سے دوچار کیا گیا، رانا مشہود

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا وژن ہے کہ پاکستان کا قومی کھیل جو ایک عرصے سے زبو حالی کا شکار تھا، اسے دوبارہ اپنا مقام دلایا جائے۔

وزیر اعظم نے تھوڑی سی کوشش کی تو پاکستان 13 سال بعد سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ جیسے بڑے ایونٹ کے فائنل تک پہنچا اور اس وقت پاکستان ہاکی کے کھلاڑیوں کو ڈچ اور آسٹریلیا کے بڑے کلبوں کی جانب سے کھیلنے کی پیش کش آ رہی ہے۔

رانا مشہود نے مزید کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے بس اسے پلیٹ فارم دینے کی ضرورت ہے۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ذریعے پاکستان کے نوجوانوں کو ایک نئی امید اور نیا مستقبل دینے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی، قومی ہاکی ٹیم کا وطن واپسی پر پُرتپاک استقبال

انہوں نے کہا کہ اگلے چند ماہ میں قوم دیکھے گی کہ ہمارے نوجوان کھیلوں، تعلیم، آئی ٹی اور ٹیکنیکل تعلیم کے میدان میں بھی ترقی کرتے نظر آئیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود نے کہا کہ 2018 تک ہم ہر سال ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ میں اضافہ کر رہے تھے لیکن جب نواز شریف کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں نا اہل کر کے پاکستان کے مستقبل کو تباہ کیا گیا، تو کسی نے اس کے خلاف آواز نہیں اٹھائی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت میں آئے ہوئے صرف 100 دن ہوئے ہیں، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ پر کٹ لگ رہا تھا لیکن شہبازشریف نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ایک روپیہ بھی نہیں کاٹا جائے گا۔ یہ سال ہمارا سخت ہے اس لیے بجٹ کو برقرار رکھا ہے اگلے سال قوم کی امید پوری ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی، قومی ہاکی ٹیم کا وطن واپسی پر پُرتپاک استقبال

انہوں نے کہا کہ 2018 کے بعد سب سے بڑا کٹ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور تعلیم کے شعبے پر لگایا گیا، لیکن ہم نے اقتدار سنبھالا تو دُنیا بھر کے ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہو گئے ہیں، ملک کا اسٹاک ایکسچینج تاریخ میں بلند سطحوں پر پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت درست سمت جا رہی ہے اور مہنگائی چار سال کی مدت میں کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔  سابقہ حکومت نے ملک کی معیشت کو دیوالیہ کر دیا تھا ہمیں اس کی بحالی کے لیے انتہائی سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں۔ اس وقت کے وزیر پیٹرولیم عمر ایوب نے کہا تھا کہ پیٹرول 300 روپے ہو گا اور ان کے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ملک دیوالیہ ہو جائے گا، ہم نے ان کے دعوؤں کو آ کر غلط ثابت کیا۔

رانا مشہود نے کہا کہ ہم جب آئے تو ہمیں لینڈ مائن بچھی ہوئی حکومت ملی ہے، ہم ان لینڈ مائنز کو ہٹا بھی رہے ہیں اور ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی جدوجہد بھی کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp