مارگلہ ہلز کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے کے لیے بڑی شجرکاری مہم کا آغاز

بدھ 24 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر کی ہدایت پر اسلام آباد میں تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا آغاز ہوگیا جس کے دوران 40 ہزار پھلدار اور پھولدار پودے لگائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مارگلہ ٹریلز پر جانے سے پہلے یہ 5 کام ضرور کریں!

اے پی پی کے مطابق اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے، شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مارگلہ پہاڑیوں پر تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس شجرکاری مہم کے دوران 40 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور اس ضمن میں وزیرداخلہ نے مارگلہ ہلز شجرکاری کو کامیاب بنانے کے لیے چئیرمین سی ڈی اے محمدعلی رندھاوا کو ٹاسک دے دیا ہے۔

وزیرداخلہ نے مارگلہ ہلز کی اصل خوبصورتی بحال کرنے اور پودوں کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ مارگلہ ہلز پر ہیٹ ویو کے باعث آتشزدگی کے واقعات سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیے: قدرت کے خوبصورت نظاروں کو اپنے اندر سموئے اسلام آباد کا خوبصورت گاؤں تلہاڑ

انہوں نے مارگلہ ہلز پر لگائے گئے پودوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ آرائشی درختوں کی بجائے پھلدار اور پھولدار پودے لگائے جائیں گے جس سے اسلام آباد کو مزید سرسبز و شاداب بنائیں گے۔

شجر کاری کا بنیادی مقصد مارگلہ ہلز کی جنگلی حیات کی حفاظت اور اس میں اضافہ کرنا بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارگلہ ہلز شجرکاری مہم سے اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔ شجرکاری مہم 60 روز تک جاری رہے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp