صوبہ پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز عدلیہ پر غصہ نہیں ہیں بلکہ ان کے فیصلوں کے حوالے سے ضرور غصے میں ہیں جن کے فیصلوں کی وجہ سے عدم استحکام آتا ہے۔ وی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظر ثانی کی اپیل پر انہی 13 ججز کو آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہوگا۔
ووٹر کو یہ پتہ ہو کہ یہ پی ٹی آئی ریاست پر حملہ آور جماعت ہے وہ ووٹر ان کے ووٹر نہیں رہیں گے
سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کی جماعت کو سیاسی سرٹیفکیٹ دینا ہے تو پھر باقی جو جماعتیں تاریخ میں انتشار پھیلاتی رہی ہیں، ان کو بھی سیاسی سرٹیفکیٹ دینا ہوگا۔ ایک ٹولے کو آپ لاڈلا بناتے رہیں اور وہ ریاست پر حملہ آور ہوتا رہے۔ اور دوسروں کو آپ مجرم قرار دیں اور بین کریں یہ نہیں ہوسکتا۔ اگر ووٹر کو یہ پتہ ہو کہ پی ٹی آئی ریاست پر حملہ کرنے والی جماعت ہے وہ ووٹر ان کے ووٹر نہیں رہیں گے۔
ضروری نہیں کہ عمران خان پر آریٹکل 6 لگے
آریٹکل 6 کسی پر لگانا ایک پروسس ہے مگر بات یہ ہے کہ ایک شخص جو کہہ رہا ہے کہ میں ملک پر حملہ آور ہوا ہوں تو پھر اسے کوئی سزا تو دیں۔ ضروری نہیں کہ آریٹکل 6 ہی لگنا ہے۔ اس کو قانون اور آئین کے مطابق سزا تو دیں۔
عمران خان کا جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی بات اب عدالتی ریکارڈ کا حصہ ہے
سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی گفتگو صحافیوں کے ساتھ عدالت میں ہوئی ہے، اب یہ گفتگو عدالتی ریکارڈ کا حصہ ہے۔ جب عمران خان یہ کہہ رہے تھے تو بابر اعوان نے ٹوکا کہ ایسی بات نہیں ہے۔ تو عمران خان نے کہا ایسی ہی بات ہے۔ عدالت میں بیٹھے ججز نے سنا نہیں ہے جنہوں نے یہ فیصلے دینے ہیں۔
عمران خان جھوٹ کی مشین ہیں
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان پولی گراف ٹیسٹ سے بھاگ گیا۔ اس نے کہا کہ میں نے پولی گراف ٹیسٹ نہیں کروانا، مگر ایک بندہ خوب جھوٹ کی مشین ہے تو اس کا مشین کیا ٹیسٹ لے گی۔ ان کے بیان کو پراسیکیوشن کی ٹیم ثابت کرے گی، حکومت ثابت نہیں کرتی۔
میں نہیں چاہتی کہ کوئی خاتون مریم نواز کی طرح جیل کی کال کوٹھڑی میں رہے
صنم جاوید کو کبھی دیکھا نہیں تھا مگر انہوں جو جرم کیا ہے، اس کی انہیں سزا ملنی چاہیے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتی، کوئی خاتون مریم نواز طرح جیل میں جائے، وہ کال کھڑی میں رہے۔ اس کو اس کے والد کے سامنے ہتھکڑی لگائی جائے، اسے موت کی چکی میں ڈالا جائے۔
’میں نے چاہتی کہ صنم جاوید کے ساتھ ایسا ہو۔ صنم جاوید نے جو جرم کیا ہے ، اس کو اس کی سزا ملنی چاہیے۔ میں تو اس کو پہچان بھی نہیں سکتی تھی۔‘
فیچ کے رپورٹ کو مسترد کرتی ہوں
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں پتہ کہ فیچ نے کون سے پرامیٹرز سے جانچا ہے۔’میں اس کو مسترد کرتی ہوں۔ یہ حکومت اپنے پانچ سال مکمل کرے گی۔‘
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز دن رات غریبوں کے لیے کام کر رہی ہیں
پنجاب کی سینیئر منسٹر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صبح پہلی میٹنگ ہی مہنگائی کے حوالے سے لیتی ہیں۔ انہوں نے ایک ڈش بورڈ سامنے لگایا ہوا ہے۔ اس پر اشیائے خورونوش کے حوالے سے جانتی ہیں کہ ان کے ریٹ کیا ہیں؟ وہ دوسری میٹنگ سولر سٹم لگانے کے حوالے سے لیتی ہیں۔ تیسری میٹنگ ہیلتھ اور ایجوکیشن کے حوالے سے لیتی ہیں۔
پیپلزپارٹی ہماری اتحادی ہے، باقی پروپیگنڈا ہے
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے گورنر کے ساتھ بھی وزیر اعلیٰ کی میٹنگز ہوتی ہیں۔ بلاول بھٹو کے ساتھ بھی بات چیت چلتی رہتی ہے۔ ضلعوں کے حوالے سے ہماری کوارڈینیشن ہے۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن سیاسی مخالف رہی ہیں مگر ایسا کبھی نہیں کیا کہ وہ ریاست پر چڑھ دوڑیں۔ جب ملک کی بات ہوگی تو وہ ہمارے اتحادی رہیں گے۔