رمضان المبارک عبادتوں، صبر و تحمل، سخاوت اور خیرسگالی کا مہینہ ہونے کے ساتھ ساتھ یہ خاندانوں کے مل بیٹھنے اور سحری و افطار کے دوران خصوصی کھانوں کا اہتمام کرنے کا موقع بھی ہوتا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اپنی اپنی بساط کے مطابق اس دوران علاقائی و روایتی کھانوں سے اپنے دسترخوانوں کو مزین کرتے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق اگرچہ کھجور، پیسٹری اور جوس جیسے کچھ کھانے ہر جگہ پر افطار دسترخوان کے لیے لازمی سمجھے جاتے ہیں لیکن دنیا بھر میں افطار کے لیے کچھ علاقائی اور روایتی کھانوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ رپورٓٹ میں 10 ممالک کے کھانوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جو اس ماہ مقدس میں خصوصی طور پر تیار کیے جاتے ہیں۔
مصر
محشی ورق العنب یعنی انگور کی بیل کے پتے چاول، گوشت اور مسالوں سے بھرے ہوتے ہیں۔ اگرچہ یہ ڈش دوسرے عرب ممالک میں معمولی تغیرات کے ساتھ بنائی جاتی ہے تاہم مصریوں کا دعویٰ ہے کہ یہ خالصتاً ان ہی کے ملک کی ایک خاص ڈش ہے۔ مصر میں افطارکے دوران انگور کے پتوں سے بنے یہ گرما گرم چھوٹے پیکٹس بڑے شوق سے کھائے جاتے ہیں۔
بھارت
بھارت کے سموسے چاٹ کا ذائقہ حیرت انگیزہوتا ہے اور دسترخوان پر اس کی موجودگی پر لوگوں کے چہرے کھل اٹھتے ہیں۔ آلو بھرے سموسے ایک پیالے میں توڑ کر دہی اور املی کی چٹپٹی چٹنی سے ڈھانپ کر پیش کیے جاتے ہیں۔
عراق
تبسی باذنجان، جس کا ترجمہ بینگن کے تھال ہوتا ہے، رمضان کی ایک عمدہ ڈش ہے جسے عراقی گھرانوں میں افطار کے موقع پر پیش کیا جاتا ہے۔ یہ ایک طرح سے بینگن کا کیسرول ہے جسے بینگن، کوفتے، ٹماٹر، پیاز اور لہسن کے تلے ہوئے ٹکڑوں سے بنایا جاتا ہے – یہ سب بیکنگ ڈش میں رکھے جاتے ہیں اور آلو کے ٹکڑوں سے ڈھانپ کر بیک کیا جاتا ہے۔
پاکستان
کوئی بھی پاکستانی افطار فروٹ چاٹ کے بغیر مکمل نہیں۔ یہ چاٹ مسالے کے ساتھ بنا ہوا تازہ پھلوں کا سلاد ہے جنہیں چھوٹے کیوبز میں کاٹا جاتا ہے۔
فلسطین
فلسطینیوں کا افطار مینیو اس وقت مکمل ہوتا ہے جب دسترخوان پر مقلوبہ ہوتا ہے۔ یہ چاول کی ایک ڈش ہے جس میں گوشت شامل ہوتا ہے۔ یہ پکوان فلسطین کی دیہی ثقافت اور خاندان کا آئینہ دار ہے۔
شام
محشی میں گھیاتوری، بینگن اور انگور کی بیل کے پتے استعمال ہوتے ہیں، جن میں چاول، مسالے اور گائے کے گوشت کے قیمے سے بنا آمیزہ بھرا جاتا ہے اور پھر ٹماٹر کی چٹنی اور پودینے کے خشک پتوں میں پکایا جاتا ہے۔
سوڈان
سوڈان میں رمضان کے لیے ایک لازمی ڈش عصیدہ اور ملاح ہے۔ عصیدہ ایک قسم کا حلوہ ہے جو گندم کے آٹے سے بنایا جاتا ہے اور بعض اوقات مکھن یا شہد بھی شامل کیا جاتا ہے۔ اسے ملاح یا اسٹو کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔ عصیدہ کفایت شعاری پر مبنی اجزاء سے تیار کیا جانے والا پکوان ہے اور یہ سادگی کے لحاظ سے اس مقدس مہینہ کی روح کے عین مطابق ہے۔
تنزانیہ
قیمات زعفران کے ذائقے والے چینی کے شربت میں ڈھکے ہوئے کرکرے تلے ہوئے میٹھے پکوڑے، تنزانیہ میں رمضان کی ایک خاص ڈش ہے جسے افطار میں کھجور کے ساتھ یا رات کے کھانے کے بعد میٹھے کے طور پر بھی کھایا جاتا ہے۔
متحدہ عرب امارات
ثرید ایک روایتی اماراتی ڈش ہے جو روٹی کے ٹکڑوں اور شوربے سے تیار کی جاتی ہے ۔ غذائیت سے بھرپور ٹماٹر سے بنا شوربہ سلونا کہلاتا ہے جس میں گوشت، یخنی، مسالہ، گاجر اور آلو شامل ہوتے ہیں۔ افطاری میں اکثر گھروں میں ثرید کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔
یمن
فتّة گھر کی بنی پیٹا روٹی، گرم دودھ، یمنی گھی یا خالص مکھن اور شہد سے بنایا جاتا ہے۔ یمنی افراد کا کہنا ہے کہ اگر بھوک نہ بھی ہو تو بھی اس کی گرم و مزیدار خوشبو اسے کھانے پر مجبور کر دیتی ہے۔