وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے کے لیے ڈیٹا کا ہونا بہت ضروری ہے، ڈیٹا کے بغیر فیصلے سے اہداف حاصل نہیں ہوتے جو حاصل ہونے چاہئیں، اپنا گھر اسکیم شروع کر رہے ہیں، 25 لاکھ لوگوں کی رجسٹریشن ہوگئی۔
لاہور میں سوشو اکنامک رجسٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی 13 کروڑ آبادی ہے لیکن یہ نہیں پتا کہ کتنی آبادی کس سوشو اکنامک کٹیگری میں آتی ہے، نادرا اور پی آئی ٹی بی نے ڈیٹا فراہم کیا، اس کے لیے بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام سے بھی استفادہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ملک کو چلنے دیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سپریم کورٹ کے ججز سے استدعا
مریم نواز نے کہا کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے کے لیے ڈیٹا کا ہونا بہت ضروری ہے، ہم ڈیٹا کے بغیر فیصلے کرتے ہیں تو وہ اہداف حاصل نہیں ہوتے جو حاصل ہونے چاہئیں، ابھی حکومت پنجاب کے جتنے بھی منصوبے ہیں، چاہے وہ کسان کارڈ ہی ہو، ہمارے پاس پورا ڈیٹا نہیں ہوتا، بعض دفعہ ڈیٹا غلط بھی ہوتا ہے، فرض کریں اگر ہم چھوٹے کسان کو ریلیف دینا چاہتے ہیں تو بہت سے کسانوں نے اپنے 12 کنال کی اراضی توڑ کر درج کروائی ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابھی ہم اپنا گھر پروگرام شروع کرنے والے ہیں، لیکن ہمیں نہیں پتا کہ پنجاب کے 13 کروڑ عوام میں سے کتنوں کے پاس اپنا گھر نہیں ہے، اب ہم نے ہر پراجیکٹ کے لیے ہیلپ لائنز کھول دی ہیں۔ ’چاہتی ہوں کہ اگر کوئی امداد کا اہل ہے اور اس کا لسٹ میں نام نہیں آیا تو وہ خود کو رجسٹرڈ کروا سکتا ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں : ہتک عزت بل کی جتنی آج ضرورت ہے، پہلے نہیں تھی : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
انہوں نے کہا کہ اسی طرح ہمارے پاس صوبے میں کرائمز کا ڈیٹا وہ ہے جو 15 کی کالز کا ہے، آئی جی پنجاب سے کہا ہے کہ صوبے کے کس ضلعے میں کس کرائم کی کتنی پاکٹس ہیں، کہاں کون سا کرائم زیادہ ہے، اس حوالے سے اعداد و شمار بنائے جائیں، آج کل ہیٹ میپس بنتے ہیں، ان سے استفادہ حاصل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنا گھر اسکیم شروع کر رہے ہیں، 25 لاکھ لوگوں کی رجسٹریشن ہوگئی، چاہتی ہوں ڈیٹا مکمل طور پر درست ہو تاکہ ریلیف انہی لوگوں کو ملے جو اس کے اصل حقدار ہیں۔