فلک جاوید کیخلاف درخواست، عدالت کا عظمیٰ بخاری کو ایف آئی اے سے رجوع کا مشورہ

جمعرات 25 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری کو ایف آئی سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ایڈیٹ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کے خلاف وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی درخواست پر سماعت کی۔

یہ بھی پڑھیں : ’مجھے فوج کے حوالے نہ کیا جائے‘، عمران خان کی لاہور ہائیکورٹ سے استدعا

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے درخواست گزار کو درخواست میں ترامیم کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو درخواست دینے کی ہدایت کردی ہے، عدالت نے کہا ہے کہ درخواست گزار ملزمہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے متعلقہ حکام کو درخواست دیں اور ملزمہ کے خلاف کارروائی کے لیے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو درخواست دیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جب تک آپ تفتیش میں شامل نہیں یوں گی، تفتیش کیسے ہوسکتی ہے، یہ عدالت کا کام نہیں کہ آپ کے معاملے کی نگرانی کرے، اپ ایف آئی اے جا کر درخواست دیں، ساری تفصیل ایف آئی اے کو بتائیں۔

یہ بھی پڑھیں : نازیبا ویڈیو اپلوڈ کرنے پر عظمیٰ بخاری کا فلک جاوید کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی جانب سے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کے خلاف درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ فلک جاوید نے ان کی تصاویر ایڈٹ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کی، پیکا ایکٹ کے تحت فلک جاوید خان اور دیگر کے خلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے کو درخواست دی ہے۔

انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ ایف آئی اے نے فلک جاوید خان سمیت دیگر کے خلاف کارروائی نہیں کی، عدالت ایف آئی اے کو فلک جاوید خان سمیت دیگر کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔

یہ بھی پڑھیں : شیرافضل مروت اور شاندانہ گلزار مریم نواز سے معافی مانگیں، عظمی بخاری

درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی سوشل میڈیا پر کردار کشی کی گئی ہے، درخواست گزار کے آئین میں دیے بنیادی حقوق پامال ہوئے ہیں۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت ایف آئی اے سے کی گئی کارروائی کی رپورٹ طلب کرے اور ملزمہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp