حقوق کے لیے آئے ہیں، عوام کو ہر حال میں ریلیف دلا کر رہیں گے، حافظ نعیم الرحمان

جمعہ 26 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم عوام کے حقوق کے لیے دھرنا دینے آئے ہیں، بس حکومت سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے اور ہمارے گرفتار تمام کارکنوں کو رہا کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی کی حکمت عملی تبدیل، 3 مقامات پر دھرنا دیدیا

اسلام آباد سیکٹر آئی ایٹ میں دھرنا کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا دھرنا پرامن ہے، یہ عوام کے حقوق کی جنگ ہے جو لڑنے اسلام آباد آئے ہیں، حکومت سے کوئی لڑائی نہیں، بس ایک ہی مطالبہ ہے کہ عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔

مزید پڑھیں:حکومت کی جماعت اسلامی کو مذاکرات کی پیش کش، 3 رکنی کمیٹی قائم

انہوں نے کہا کہ احتجاج ہمارا حق ہے اس لیے ہمارے گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے، ہم حکومت سےمطالبہ کرتےہیں کہ آئی پی پیز کے ساتھ فوری تمام معاہدے منسوخ کیے جائیں اور نئے معاہدے کیے جائیں، عوام کو ہر حال میں ریلیف دلا کر رہیں گے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ ملک کی اشرفیہ عیاشیاں کرے اور ان کے بجلی کے بل بھی غریب عوام ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی طرف سے جماعت اسلامی کے رہنماؤں، کارکنوں کی گرفتاریوں، گھروں پر چھاپوں کی مذمت

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز عوام کے حقوق پر مسلط ہیں، غریب عوام کے اربوں روپے کھائے جا رہے ہیں، یہ سب کچھ خاموش بیٹھ کر کیسے برداشت کیا جائے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم غریب عوام کے لیے اشرفیہ سے ان کے غصب کیے گئے حقوق چھین کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت منفی ہتھکنڈوں کو استعمال کرنا چھوڑدے، قوم جانتی ہے کہ جماعت اسلامی ایک محب وطن اور پرامن جماعت ہے، جو اس ملک کا بگاڑ نہیں بلکہ تعمیر چاہتی ہے، اس لیے انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ ہمارے گرفتار تمام کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے، ہم یہاں اسلام آباد میں اشرفیہ کے خلاف غریب کے حقوق کے لیے جنگ لڑنے آئے ہیں اور حقوق ملنے تک یہاں سے واپس نہیں جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp